راجوری//راجوری پولیس نے ٹنڈوال علاقے میں ماں بیٹی کی پٹائی کرنے کے الزام میں چار افراد کے خلاف کیس درج کیاہے جبکہ پولیس کارروائی نہ ہونے پر لوگوں نے اسی معاملے پر احتجاج بھی کیاہے۔ ذرائع کے مطابق دوکنبوں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوجانے پر تیرہ جون کو ٹنڈوال علاقے میں کچھ لوگوں نے ماں بیٹی کی پٹائی کی جس دوران وہاں سے گزر رہے کچھ لوگوں نے مداخلت کی اور معاملہ پولیس کے نوٹس میں لایاگیاجس پر سب انسپکٹر دانش مقبول اور ایس ایچ او راجوری طاہر خان کی قیادت میں ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اوراس نے دونوں زخمیوں کو اٹھاکر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاجبکہ حملہ آور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر307/2018زیر دفعات 452/354/325/323کا کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔دریں اثنااس واقعہ کی ایک ویڈیو سماجی روابط کی سائٹ پر وائرل ہوجانے کے بعد ایک مخصوص طبقہ کے لوگوں کی طرف سے احتجاجی دھرنادیاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ منگل کی صبح سے ایک ویڈیو سماجی روابط کی سائٹ پر وائرل ہوئی ہے جس میں کچھ افراد کو ماں بیٹی کی پٹائی کرتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے۔اس ویڈیو کے وائر ل ہونے کے ساتھ ہی ایک مخصوص طبقہ کے لوگوں کی طرف سے عبداللہ پل کے نزدیک سڑک بند کرکے احتجاجی دھرنادیاگیا اور انہوں نے راجوری پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین کا الزام تھاکہ واقعہ کے چھ روز بیت جانے کے بعد بھی پولیس کی طرف سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے اور وہ بے یارو مددگار ہیں۔یہ احتجاج کچھ عرصہ تک جاری جس کے بعد پولیس نے وہاں پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایاکہ اس واقعہ پر کارروائی کی جائے گی اور پہلے سے ہی کیس درج کیاگیاہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایک پولیس افسر نے بتایاکہ واقعہ کی نسبت پولیس نے چار افراد پماولد دیوارکر ناتھ،بابودیوی زوجہ پما،سنتوش دیوی زوجہ دیوارکر ناتھ ساکنان ٹنڈوال اور تنویر شرماعرف کالا ساکن پنج پیر کے خلاف کیس درج کیاہے۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ ملزمان کے خلاف کیس درج کیاگیاہے تاہم وہ واقعہ کے بعد سے مفرور ہیں۔