جموں//لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نیج محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری منصوبوں کا جائیزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں افسروں کی میٹنگ طلب کی۔ دورانِ میٹنگ مشیر نے کہا کہ لفٹینٹ گورنر نے جموں کشمیر سیاحتی ترقیاتی کارپوریشن کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کی بڑے پیمانے پر توسیع کی ہدایات دی ہیں اور ان ہدایات پر فوری طور عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے تا کہ سیاحوں کے رش سے بخوبی نمٹا جا سکے۔ دورانِ میٹنگ انہیں جے کے ٹی ڈی سی کی املاک کی فہرست بھی پیش کی گئی۔ مشیر کو بتایا گیا کہ 198 کروڑ روپے کی مالیت کا ایک فعال ترقیاتی منصوبہ مانسر کیلئے پہلے ہی سودیش درشن سکیم کے تحت حکومت ہند کو بھیجا جا چکا ہے اور کیپکس بجٹ کے تحت چند ایک کام پہلے ہی منظور کئے گئے ہیں جن میں سدھڑا مانسر اور سانبہ مانسر راستوں کے ساتھ ساتھ ویو پوائینٹس کی تعمیر ،بیت الخلاء کی تعمیر ، لائف جیکٹ اور کشتیوں کا حصول اور تیز روشنیوں کی تنصیب وغیرہ شامل ہیں۔ مشیر بصیر خان نے کہا کہ بسوہلی خطے میں بہترین سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے کافی صلاحیت موجود ہے جس پر خصوصی توجہ دینا لازمی ہے۔ انہوں نے افسروں کو مہم جو کھیل کود ، ہائیکنگ ، کیمپنگ اور مانسر علاقے میں ماو ¿نٹین بائیکنگ جیسے مہم جو کھیل شروع کرنے کے امکانات تلاش کرنے کیلئے کہا۔ واضح رہے کہ جموں خطے کے مذہبی اور سیاحتی دلچسپی کے مراکز جیسے شو کھوڑی ، اتر بینی اور پرمنڈل میں پہلے ہی ترقیاتی عمل شروع کیا گیا ہے اور انہیں خطے کے وسیع تر سیاحتی سرکٹ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ مشیر نے مقامی دستکاری ، ہینڈ لوم ، پکوان اور ثقافت کی نمائش کیلئے نمائشی پروگرام سیاحتی مراکز پر منعقد کرنے کا مشورہ بھی افسران کو دیا۔ انتظامی سیکرٹری سیاحت و ثقافت نے مشیر کو بتایا کہ باغ باہو میں باہو روپ وے پروجیکٹ چالو کیا گیا ہے اور اس کے دوسرے مرحلے کو بھی تکنیکی تجزیے کے بعد چالو کیا جا رہا ہے اور سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے اس جگہ پر ہفتہ وار ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ پہلگام ، شو کھوڑی اور گلمرگ میں نئے کیبل کار منصوبوں کی عمل آوری کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں پتنی ٹاپ میلے کا کامیاب انعقاد کیا گیا مزید دو سیاحتی میلے جموں صوبے میں بھی لفٹینٹ گورنر کی ہدایات کے تحت منعقد کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے جموں سے پتنی ٹاپ تک ٹریفک کے نقل و حمل میں درپیش بھی میٹنگ میں اٹھائے اور مشیر نے انہیں اس مسئلے کا فوری ازالہ کرنے کا یقین دلایا۔ انتظامی سیکرٹری نے مشیر کو جانکاری دی کہ محکمہ سیاحت مہا شوراتری میلے کے دوران کشمیری پنڈت پکوان میلہ منعقد کر رہا ہے۔ دورانِ میٹنگ جموں مہا اتسو پر بھی غور و خوض ہوا۔ مشیر نے انتظامی سیکرٹری کو جموں صوبے میں مانسر ، بھدرواہ اور دیگر مقامات پر بھی سیاحتی میلے منعقد کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے گلمرگ ، پہلگام ، پتنی ٹاپ ، کلبوں کو فوری طور چالو کرنے کی بھی ہدایت دی۔