مالی میں فوجی بغاوت،صدر اور وزیراعظم گرفتار

مالی// افریقی ملک مالی میں بغاوت کرنے والے فوجیوں نے مالی کے عبوری صدر اور وزیر اعظم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ یورپی یونین نے عبوری صدر باہ نداو اور وزیر اعظم مختار وان کے اغواء کی مذمت کی ہے۔مالی کے فوجی عہدیداروں نے صدر باہ نداو اور وزیر اعظم مختار وان کو گرفتار کرلیا جبکہ وزیر دفاع سلیمان دوکور کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے اور عالمی برادری نے گرفتاریوں کی سخت مذمت کی ہے۔میڈیا کے مطابق ان رہنماوں کو گرفتار کرنے کے بعد مالی کے دارالحکومت بماکو کے قریب واقع فوجی اڈے کاٹی لے جایا گیا ہے جبکہ یہ گرفتاریاں کابینہ میں رد و بدل میں فوج کے دو اراکین کے اپنے عہدوں سے محروم ہوجانے کے چند گھنٹوں کے اندر ہوئیں۔اس اقدام کے رد عمل میں بین الاقوامی برداری نے اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، اقوام متحدہ، افریقی یونین اور مغربی افریقی ریاستوں کی اقتصادی کمیونٹی (ای سی او ڈبلیو اے ایس) نے اس کارروائی کی مذمت اور رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔