لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ڈاکٹر کرن سنگھ سے ملاقات کرن سنگھ نے سیاحت کے فروغ کیلئے ایل جی کی کوششوں کوسراہا

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں //جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے سابق گورنر، اسٹیٹس مین اور سابق ڈوگرہ شاہی خاندان کے بزرگ ڈاکٹر کرن سنگھ سے سری نگر میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ڈاکٹر کرن سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر کو جموں و کشمیر میں مجموعی ترقی اور امن و خوشحالی کے حوالے سے ان کی ٹھوس کوششوں اور کامیابیوں پر مبارکباد دی۔اس میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر دھرمارتھ ٹرسٹ کے دونوں ٹرسٹی وکرمادتیہ سنگھ اور مرتنڈ سنگھ اور ڈاکٹر کرن سنگھ کے بیٹے اور پوتے بالترتیب موجود تھے۔ڈاکٹر کرن سنگھ نے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور ہندو ں کے مندروںکیساتھ ساتھ مسلمانوں کی زیارت گاہوں کی ترقی کیلئے ایل جی کی بھی تعریف کی۔

 

انہوں نے سری نگر میں بین الاقوامی یوگا دن منانے کا انتخاب کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔ڈاکٹر کرن سنگھ نے مودی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اسکیموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں ایل جی سنہا کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے، سیاحت کو فروغ دینے اور جموں و کشمیر میں لوگوں کے مجموعی معیار زندگی کو بہتر بنانے میں ایل جی سنہا کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس طرح کی کوششیں ترقی کو آگے بڑھاتی رہیں گی اور خطے کے مکینوںکے لئے دیرپا فائدے لائیں گی۔انہوں نے جموں و کشمیر میں ہندو مندروں اور مقدس زیارت گاہوں کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔وکرمادتیہ سنگھ نے ایل جی کو حال ہی میں جموں شہر کے سری رنبیریشور مندر، پہلگام، کشمیر میں شیو جی مندر اور گلمرگ، کشمیر میں رانی مندر کے لئے جموں وکشمیر دھرمارتھ ٹرسٹ کے ذریعے حال ہی میں شروع کئے گئے بڑے بحالی اور تزئین و آرائش کے کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے ایل جی سے جموں کے علاقے کشتواڑ میں ماتا سرتھل دیوی مندر کے آس پاس کے علاقے کی ترقی کو تیز کرنے کی بھی درخواست کی اور آنے والی ماتا سرتھل دیوی یاترا، کشتواڑ کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔وکرمادتیہ سنگھ نے گاندربل میں حال ہی میں منعقد ہونے والے کھیر بھوانی میلے اور ادھم پور میں سدھ مہادیو میلے کے دوران ریاستی انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی گئی مدد کیلئے ایل جی کا بھی شکریہ ادا کیا، جس میں عقیدت مندوں اور یاتریوں کی بے مثال اور بڑے پیمانے پر آمد کا مشاہدہ کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے، سیاحت کو فروغ دینے اور خطے کے ثقافتی ورثے بالخصوص اس کے ہندو زیارت گاہوں اور مندروں کے تحفظ کے لئے اپنی لگن پر زور دیتے ہوئے جموں و کشمیر کی ہمہ گیر ترقی کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔