جموں //سابق وزیر و کانگریس لیڈر مولہ رام نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حق اطلاع قانون کو کمزور کرنے کیلئے اس میں ترمیم کی جارہی ہے ۔رائے پور دومانہ حلقہ میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہاکہ حق اطلاع قانون میں ترمیم بھاجپا حکومت کی طرف سے شفافیت پر حملہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح سے مودی حکومت شفافیت پر قدغن لگاناچاہتی ہے جو ملکی عوام کی بدقسمتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے ریاستی انفارمیشن کمیشن کی حیثیت بھی کمزور پڑے گی ۔اس دوران کانگریس کمیٹی رورل کے صدر ہری سنگھ چب نے کہاکہ بھاجپا کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں لوگ سبق سکھائیںگے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے لوگوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا اور عوامی مسائل حل نہیں کئے گئے ۔