منڈی//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے منڈی تحصیل کے علاقہ لورن کا دورہ کرکے لورن ۔ٹنگمرگ سڑک کا معائنہ کیا۔ اس دوران اس سڑک پر کام کر رہے بی آر او کے افسران نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو سڑک کی تعمیر کے حوالے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک سڑک کی8 کلو میٹر تعمیر کی ہے اور اب نویں کلو میٹر پر کام جاری ہے اور کام کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوشش کی جارہی ہے ۔ طارق احمد زرگر نے بی آر او افسران کو ہدایت دی کہ اس سڑک کی تعمیر میں سرعت لائی جائے تاکہ اسے جلدسے جلدعوام کے نام وقف کیاجاسکے ۔انہوںنے سڑک کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ یہ مغل شاہراہ کی متبادل ہوگی اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سال بھر کھلی رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے وادی اور خطہ پیر پنچال میں تجارتی سرگرمیاں بھی فروغ پائیںگی اور سڑک کی تعمیر سے سیاحت کے شعبے کو بھی تقویت ملے گی ۔ دریں اثناء موصوف نے لورن کے مختلف راشن گھاٹوں کا بھی معائنہ کیا اورعوام کیلئے دستیاب راشن کا جائزہ لیا ۔انہوںنے مڈل سکول لورن اور دیگر تعلیمی اداروں کا دورہ بھی کیا اور تعلیمی سرگرمیوں کاجائزہ لیا ۔