بارہمولہ//بارہ مولہ کے بونیار تحصیل میں لورجہلم پن بجلی پروجیکٹ کی نہر علاقہ کی آبادی کیلئے وبال جان بن چکی ہے کیوں کہ گانٹہ مولہ کالونی سے بمیار تک ساتھ کلومیٹر طویل اور25فٹ گہری نہربغیرتاربندی کے ہے جس کی وجہ سے آج تک اس نہر میں کئی افراد ڈوب کرہلاک ہوچکے ہیں ۔سجاداحمد نامی ایک مقامی شہری نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ماضی میں نہر کے دونوں کناروں کی مکمل تاربندی کی گئی تھی لیکن گزشتہ کئی دہائیوں سے وہ تاربندی جگہ جگہ گرکر تباہ ہوگئی اورآج یہ عالم ہے کہ نہر کے دونوں کناروں پر کہیں کوئی تاربندی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس نہرمیں اکثر مقامی لوگوں کے جانور بھی ڈوب جاتے ہیں جبکہ آج تک کئی شہری بھی اپنی جان گنواچکے ہیں۔حال ہی میں یہاں ایک غیر مقامی نوجوان جو بمیار گائوںاپنے رشتہ دار کے یہاں آیاتھا،موٹر سائیکل سمیت نہر میں گر کرازجان ہوا،کیوں کہ جائے حادثہ پر کوئی تاربندی نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ مقامی لوگوں نے کئی مرتبہ لورجہلم ہائیڈل پروجیکٹ کے حکام سے اس کی تاربندی کرنے کا مطالبہ کیا لیکن انہوں نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ اس سلسلے میں لورجہلم ہائیڈل پروجیکٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ انہوں نے نہر کی تاربندی کرنے کے حوالے سے حکام کو اپنی رپورٹ روانہ کی ہے اور اس سلسلے میں جب ہمیں رقومات کی منظوری ملے گی تونہر کی تاربندی کاکام شروع کیا جائے گا۔