منڈی//بی جے پی لیڈر اور ایم ایل اے چوہدری لعل سنگھ کے حالیہ بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ضلع جرنلسٹ ایسوسی ایشن پونچھ اور سرنکوٹ میں ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندگان نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے ۔تنظیم کا اجلاس پونچھ میں منعقد ہواجس کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر ہربجھن سنگھ نے کی۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے جس کا سماجی برائیوں کا قلع قمع کرنے اور عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اہم رول ہے ۔مقررین نے کہا کہ ریاستی گورنر کو چاہیے کہ وہ بی جے پی لیڈر اور ایم ایل اے لعل سنگھ کے خلاف کیس درج کرائیں۔انہوں نے کہاکہ سینئر صحافی شجاعت بخاری جیسے انجام کی دھمکی دینا ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور باضابطہ کیس درج کرکے تحقیقات کی جائے ۔اجلاس میں تنظیم کے جنرل سیکریٹری عشرت بٹ،نائب صدر یاسین شما، چیئر مین نریندر سنگھ ،نائب چیئر مین پردیپ کھنہ، جوائنٹ سیکریٹری وجاہت بخاری وغیرہ بھی موجو دتھے ۔دریں اثناء سرنکوٹ کے ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندگان نے بھاجپا لیڈر لعل سنگھ کے کشمیر ی صحافیوں سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ پر زور دیاہے کہ لعل سنگھ کے خلاف کارروائی کی جائے اور شجاعت بخاری کے قتل پر ان کے رول کی تحقیقات عمل میں لائی جائے ۔ مقامی صحافیو ں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اس بات پر شدید برہمی کا اظہار کیاگیاکہ لعل سنگھ نے کشمیرکی صحافتی برادری کو سینئر صحافی شجاعت بخاری جیسے انجام کی دھمکی دی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندگان نے کہاکہ اس طرح کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں اور حکام کو لعل سنگھ کے رول کی تحقیقات کرنی چاہئے جو ایک تو کٹھوعہ عصمت ریزی و قتل کیس میں ملزمان کے حق میں مہم چلارہے ہیں اور اب صحافیوں کو کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ جمہوریت کے چوتھے ستون پر حملہ ہے اور اس پر حکام کو چپ سادھنے کے بجائے فوری طور پر کارروائی عمل میں لانی چاہئے ۔ انہوں نے بھاجپا قیادت پر بھی زور دیاکہ وہ اپنے لیڈر کے خلاف کارروائی کرے نہیں تو یہ سمجھاجائے گاکہ کشمیر کے تئیں لعل سنگھ کی زبان بھاجپا کی سوچی سمجھی پالیسی کا حصہ ہے ۔