عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو لال قلعہ دھماکہ کیس کے ملزم ڈاکٹر بلال نصیر ملہ کی این آئی اے حراست میں سات دن کی توسیع کر دی۔عدالت نے فرید آباد کے رہائشی سویاب کو بھی لال قلعہ کے بمبار عمر النبی کو پناہ دینے کے ملزم کو پانچ دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا۔جانچ ایجنسی نے سویاب اور بلال کو جمعہ کو سخت سیکورٹی کے درمیان پٹیالہ ہائوس کورٹ میں پیش کیا جب کہ ان کی 15 دسمبر کو دی گئی گزشتہ چار دن کی این آئی اے حراست کی میعاد ختم ہوگئی۔ملزمان کو پرنسپل اینڈ سیشن جج انجو بجاج چاندنا کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے تحقیقاتی ایجنسی کو نصیر سے مزید سات دن کے لیے اپنی تحویل میں پوچھ گچھ کرنے کی اجازت دی، جبکہ سویاب کو 24 دسمبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔این آئی اے نے پہلے کہا تھا کہ ایجنسی نے ہریانہ کے فرید آباد میں دھوج کے رہنے والے سویاب کو دہلی بم دھماکے سے قبل مبینہ طور پر “دہشت گرد” عمر النبی کو لاجسٹک مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔این آئی اے نے ڈاکٹر نصیر بلال ملہ کو 9 دسمبر کو دہلی سے گرفتار کیا اور اسے سازش کا اہم ملزم قرار دیا۔این آئی اے کی تحقیقات کے مطابق نصیر نے جان بوجھ کر عمر النبی کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرکے پناہ دی تھی۔ اس پر دہشت گردانہ حملے سے متعلق شواہد کو تباہ کرنے کا بھی الزام ہے۔این آئی اے پہلے ہی9 لوگوں کو گرفتار کر چکی ہے جن میں تین ڈاکٹروں ڈاکٹر مزمل گنائی، ڈاکٹر عدیل راتھر، ڈاکٹر شاہین سعید اور مولوی عرفان شامل ہیں۔دو دیگر افراد عامر رشید اور جاسر بلال وانی عرف دانش کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔8 دسمبر کو، این آئی اے نے کیس کے نویں ملزم یاسر احمد ڈار کو گرفتار کیاجو مبینہ طور پر عمر کا قریبی ساتھی ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ سازش میں سرگرم ، ڈار نے مبینہ طور پر خود کو قربان کرنے کی کارروائیاں کرنے کا حلف اٹھایا تھا۔