عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مختلف سرکاری محکموں کے ڈیلی ویجروں اورکیجول لیبروں نے پیر کے روز سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کئے۔انہوںنے ملازمتوں کوباقاعدہ بنانے اور بروقت تنخواہوں کا مطالبہ کیا۔جموں وکشمیر کیجول لیبرس یونائٹیڈفرنٹ کے بینر تلے درجنوں کیجول لیبروںنے ابتدائی طور پر پریس کالونی میں جمع ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں اجازت نہیں دی ۔اس کے بعد وہ دوبارہ منظم ہوئے اورلالچوک میں متعدد مقامات پر احتجاج کیا۔ اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے یومیہ مزدوروں نے طویل ملازمت کے عدم تحفظ اور بے قاعدہ اجرتوں پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ متعدد اپیلوں کے باوجود ان کی حالت زار کو نظر انداز کر رہی ہے۔پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا اورانہیں گاڑیوں میں بٹھا کر مظاہروں کو منتشر کر دیا۔ تاہم بعد میں ایک پولیس نے کہا کہ تمام زیر حراست افراد کو مختصر حراست کے بعد رہا کر دیا گیا ۔ مزدوروں نے اپنے مطالبات بشمول ملازمتوں کوباقاعدہ بنانے اور بروقت تنخواہوں کی منظوری تک اپنا احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے دیرینہ مسائل پر فوری کارروائی کرے۔