محمد تسکین
بانہال// منگل کی صبح سے دوپہر پہلے تک بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں ہلکی بارشیں ہوئی ہیں جبکہ مہومنگت ، پیر پنچال کے پہاڑی سلسلے پر تازہ برفباری ہوئی ہے ۔جواہر ٹنل ٹاپ ، مہو منگت ، نیل چملواس ، پوگل پرستان سینابتی ، چنجلو اور ڈولیگام بانہال کے اوپری پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔ تحصیل کھڑی کے خوبصورت علاقہ مہو منگت کی بستیوں میں دو سے تین انچ برف ہوئی ہے تاہم دوپہر بعد سے موسم میں بہتری آئی اور منگل کی شام تک مطلع صاف ہوتا جارہا تھا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کیلئے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور عام لوگ خاص کر زمیندار بارشوں اور برفباری کے منتظر ہیں۔ بارشوں اور برفباری کے نہ ہونے کی وجہ سے زمیندار اور باغ مالکان کے علاوہ عام لوگ خشک موسم سے پریشان ہیں کیونکہ سرما کیلئے زمین میں ڈالے گئے اناج اور سبزیوں کے بیج یا تو اُگے ہی نہیں ہیں یا بہت ہی کم اُگ آئے ہیں۔ بارشوں اور برفباری کی قلت کیوجہ سے ضلع رام بن کے درجنوں دیہات میں پینے کے پانی کی کمی واقع ہوئی ہے اور پانی کے بیشتر وسائل چشمے اور ندی نالے سوکھ گئے ہیں اور پانی کی سطح بہت کم ہوئی ہے۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری تھی اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا۔
کشتواڑ میںبرفباری و بارشوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری
عاصف بٹ
کشتواڑ//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سوموار کی بعد دوپہر سے ضلع کے بالائی علاقوں میں ہورہی برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی بدستور جاری رہا جسکے سبب درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی۔بالائی علاقہ جات میں دوسرے روز بھی رک رک کر برفباری کا سلسلہ جاری تھا۔ پہاڑی علاقوں جن میں مڑواہ، دچھن ،واڑون ،کیشوان ،پاڈر ،مچیل ،چھاترو ،چنگام ،سنتھن ٹاپ ،مرگن ٹاپ و آلوفارم میں کئی انچ سے ڈیڑھ فٹ تازہ تازہ برفباری کی اطلاع ملی ہے۔ منگل کی رات بھر ان علاقوں میں برفباری ہوتی رہی جو سلسلہ منگل کی شام تک جاری رہا ۔ضلع کشتواڑ کے میدانی علاقوں میں بھی رک رک کر ہلکی بارشیں ہوتی رہی۔ اگرچہ دوپہر تک موسلادھار بارشیں ہوئی تاہم بعدمیں موسم میں قدرے بہتری آئی ۔
ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں بارشیں
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں منگل کو تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر شام تک جاری رہی۔اطلاعات کے مطابق منگل کو بعد دوپہر ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری و میدانی علاقوں میں بارش شروع ہوئی جو وقفے وقفے سے شام تک جاری رہی۔تازہ برفباری و بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور شبانہ سردی میں اضافہ ہوا ہے۔اس دوران بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام کو نقصان پہنچا ہے تاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا۔