جموں//قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے کونسل کے اُن چھ ارکان کے ناموں کا اعلان کیا جنہیں ایوارڈ کی سفارشات پر بہترین لیجسلیٹر ایوارڈ کے لئے چنا گیا ہے ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سال 2016ءکے لئے اس ایوارڈ کی خاطر ظفر اقبال منہاس، ڈاکٹر شہناز گنائی اور اشوک کھجوریہ کو چنا گیا ہے جبکہ سال 2017ءکے لئے ان ایوارڈ وں کے لئے سجاد احمد کچلو ، سریندر کمار چودھری اور نریش کمار گپتا کو چنا گیا ہے۔ظفر اقبال منہاس کو قانون ساز ی میں ایک منفرد تجربہ رکھنے کے لئے چنا گیا ہے جبکہ معاملات کو ایک موثر ڈھنگ سے بے باکی کے ساتھ اُجاگر کرنے کی خاطر ڈاکٹر شہناز گنائی کو چنا گیا ہے۔اسی طرح اشوک کھجوریہ کو اپنے علاقے کے معاملات ایوان میں اجاگر کرنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔اسی طرح سجاد احمد کچلو کو اپنے علاقے کے معاملات اجاگر کرنے اور ان کی وکالت کرنے کے لئے اس ایوارڈ کے لئے چنا گیا ہے ۔ سریندر کمار چودھری کو بھی ایک منفرد انداز میں معاملات اجاگر کرنے کے لئے چنا گیا ہے جبکہ قانون سازی کا عمل آگے بڑھانے کے لئے ان کے اچھے انداز کے لئے نریش گپتا کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔چیئرمین نے اس کامیابی کے لئے متعلقہ ارکان کو مبارک باد دی ۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ارکان ایوان کو اپنے تجربے سے روشنا س کراتے رہیں گے اور مستقبل میں بھی اپنے عوامی معاملات کو ایک اچھے انداز سے اجاگر کرنے میں اپنا کلیدی رول نبھا تے رہےں گے۔