راجوری//راجوری میں پچھلے کئی عرصہ سے محکمہ صحت میں کام کررہی فی میل ملٹی پرپزملازمین کا احتجاجی جاری ہے ۔ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں 2211ہیڈسے تبدیل کر کے 2210ہیڈمیں شامل کیا جائے اور بقایات واگزار کئے جائیں ۔سوموار کو جموں کشمیر میڈیکل ایمپلایز فیڈریشن کے بینر تلے ان ملازمین نے احتجاجی ریلی نکالی جو چیف میڈیکل دفتر سے ہوتے ہوئے ڈی سی دفترمیں اختتام پذیر ہوئی ۔اس موقعہ پر ملازمین نے ریاستی سرکار کے خلاف جم کر نعرہ بازی کرتے ہوئے کہاکہ سرکار ملازمین کے مطالبات پر نظر ثانی کرنے سے قاصر نظر آرہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان کوکوئی پوچھنے والا نہیں اور ان کے مسائل بڑھتے ہی جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دوسال سے تنخواہیں واگزار نہیں کی گئیں جس کا اثر براہ راست گھریلو معاملات پر پڑرہا ہے ۔ انہوں نے ریاستی سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضد چھوڑ کر ملازمین کے مطالبات کو پورا کرے۔ احتجاج میں خواتین ملازمین کی بڑی تعداد شامل تھی۔