مینڈھر//ریاستی حکومت کی طرف سے رہبر جنگلات کو ہری جھنڈی ملنے کے بعد تربیت شدہ فیزیکل ایجوکیشن امیدواروں نے رہبر کھیل کی تعیناتی عمل میں لانے کا مطالبہ کیاہے ۔ان تربیت یافتہ نوجوانوں کاکہناہے کہ رہبر کھیل لگانے کے لئے محکمہ کو ایک سال قبل ہری جھنڈی ملی تھی لیکن اس وقت تک ایک بھی نوجوان رہبر کھیل نہیں لگایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران لا پرواہی سے کام لے رہے ہیں اور کئی تربیت یافتہ نوجوان رہبر کھیل لگتے لگتے عمر کی حد کو پار کر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تو اسمبلی میں فیصلے کرتی ہے لیکن اس کا اثر زمینی سطح پر دیکھنے کو نہیں ملتا کیونکہ جب ریاستی اسمبلی میں کوئی بل پاس ہو تا ہے تو کئی سال گزر جانے کے بعد اس کا زمینی سطح پراطلاق نہیںہوتا۔ان کاکہناہے کہ سینکڑوں کی تعداد میں بے روزگار فیزیکل ایجوکیشن نوجوان دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن حکومت سوئی ہوئی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر رہبر کھیل تعیناتیاں عمل میں لائے کیونکہ نوجوان عمر کی حد کو پار کر رہے ہیں۔ سکندر چوہدری ،طارق خان،محمد امین اورناظم منہاس کاکہناہ کہ سرکار نے ایک سال قبل یہ فیصلہ لیاتھا کہ بے روزگار تربیت یافتہ نوجوانوں کو جلد رہبر کھیل لگایا جائے گا لیکن محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو ٹس سے مس نہیں اور وہ لا پرواہی سے کام لے رہے ہیں۔انہوںنے حکومت اور متعلقہ وزیر سے اپیل کی ہے کہ فوری طور رہبر کھیل کے طور پر نوجوانوں کو تعینات کیا جائے کیونکہ نوجوانوں نے تربیت کرتے وقت لاکھوں روپے خرچ کردیئے اور اب ان کی عمر نوکری پانے کی حد پوری کررہی ہے ۔انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر ان کی تعیناتی عمل میں نہ لائی گئی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔