تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے طلبا اور طالبات نے فٹ بال ٹورنامنٹ میں محکمہ فیزیکل پر بڑے پیمانے پر نا انصافی کا الزام عائد کیاہے۔ ڈگری کالج گراؤنڈ تھنہ منڈی میں زون تھنہ منڈی کے طلبہ اور طالبات کے انڈر19اورانڈر14مقابلے ہوئے جس میں شرکت کرنے والی طالبات نے محکمہ فیزیکل ایجوکیشن پر الزام عائد کیاہے کہ محکمہ نے ان طالبات کی پڑھائی بھی متاثر کروائی اوران کو میچ کھیلنے کے دوران وردی بھی نہیں دی گئی ۔ان کاکہناہے کہ محکمہ کی طرف سے طالبات کے لئے کھانے پینے کے لئے کوئی بندوبست نہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ کے آفیسران نے بچوں کے نام پر ملنے والی رقومات کو خرد برد کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس سلسلہ میں زونل فیذیکل ایجوکیشن افیسر تھنہ منڈی اشوک گنڈوترا سے بات کی گئی جن کاکہناتھاکہ محکمہ کی طرف سے صرف دو درجن طالبات کے لئے ٹریک سوٹ ملے ہیں جو اس وقت دفتر میں سنبھال کے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹریک سوٹ ضلع سطح کے مقابلوں کے دوران تقسیم کئے جائیں گے۔ محکمہ کے ضلع افسرراجوری سورن سنگھ بتایاکہ سرکار کی ہدایت کے مطابق ہر زونل فیزیکل ایجوکیشن آفیسر کے بنک کھاتے میں محکمہ کی طرف سے 35000 ہزار روپے منتقل کئے گئے ہیں تاکہ کھیلوں میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کو وقت میں ریفرش منٹ فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ یوتھ سروسز کی طرف سے طالبات کے لئے ٹریک سوٹ اور جوتے جبکہ لڑکوں کے لئے نکر،ٹی شرٹ اور جوتے فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انکے دفتر سے ایک چھٹی جاری کی گئی ہے جس میں فیزیکل دفتر تھنہ منڈی کے چند نلازموں کو ضلع دفتر راجوری میں انکوائری کے لئے طلب کیا گیاہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قصوروار ملازموںکو کبھی معاف نہیں کیاجائے گا۔