محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس (YSS) پونچھ کی جانب سے فٹ انڈیا موومنٹ کے تحت ایک شاندار روپ اسکیپنگ چیلنج پروگرام منعقد کیا گیا، جبکہ ضلع کے مختلف زونز میں نشہ مکت بھارت ابھیان کے بینر تلے کھیلوں اور بیداری سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔روپ اسکیپنگ چیلنج پروگرام میں تقریباً 2,660 طلبہ اور نوجوانوں نے پْرجوش انداز میں شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد جسمانی فٹنس، صحت مند طرزِ زندگی اور مجموعی جسمانی و ذہنی تندرستی کے پیغام کو فروغ دینا تھا۔ شرکاء کو باقاعدہ ورزش اور صحت مند عادات اپنانے کی ترغیب دی گئی تاکہ نوجوان نسل ایک منظم اور مثبت طرزِ زندگی اختیار کر سکے۔اس کے علاوہ ضلع پونچھ کے مختلف زونز میں نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت مختلف کھیلوں کے مقابلوں، فٹنس سرگرمیوں اور بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 2,870 طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ان سرگرمیوں کے دوران نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کیا گیا اور ایک نشہ سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے شعور بیدار کیا گیا۔ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔تمام پروگراموں کی نگرانی محمد قاسم، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر (DYSSO) پونچھ نے کی، جبکہ وجے کمار شرما نے بطور ایکٹیویٹی انچارج اپنے عملے کے ساتھ مل کر پروگراموں کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، جسمانی فٹنس اور سماجی بیداری پیدا کرنے کے لیے مستقبل میں بھی ایسی مؤثر اور بامقصد سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے پْرعزم ہے۔