سرینگر//گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے فوٹو جرنلسٹ امان فاروق بدھ کو اسوقت پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے جب وہ پاندان نوہٹہ میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دے رہے تھے۔ امان فاروق نے بتایا کہ وہ پاندان نوہٹہ میں سجاد احمد گلکار نامی جنگجو کی آخری رسومات کی عکس بندی کررہے تھے جب وہاں فورسز اہلکاروں نے تعزیت میں شامل لوگوں کو جامع مسجد جاننے سے روکنے کیلئے پیلٹ اور ٹیر گیس شلوں کی برسات کردی جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ امان فاروق نے بتایا کہ انکے سر، بازو اور بائیں ٹانگ میں پیلٹ لگے ۔ امان فاروق کو سرینگر صدر اسپتال علاج و معالجے کیلئے منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج کے بعد انہیں گھر روانہ کردیا۔ واضح رہے کہ امان فاروق کو اس سے قبل سال 2009میں بھی گولی کا نشانہ بناکر شدید زخمی کیا گیا تھا ۔