سرینگر// فوج نے کہا کہ جمعہ کوسیاچن بریگیڈ کے دستوں نے شمالی پلوو اور کھردنگ لا ٹاپ پر شدید برف باری میں پھنس جانے کے بعد کم از کم 18 شہریوں اور کچھ گاڑیوں کو بچایا۔فوج کا کہنا تھا ،’’21 اپریل کی شام ، شدید برف باری کی وجہ سے ، شمالی کھردنگ لا ٹاپ ،ساؤتھ پلوو سے راستے میں گاڑیوں کی آمدورفت درہم برہم ہوگئی جس کے نتیجے میں شہری گاڑیاں کھردنگ لا ٹاپ اور نارتھ پلوو کے قریب پھنس گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاچن بریگیڈکے دستوں نے فوری طور پر پھنسے ہوئے شہریوں کو باز یاب کرنے کے لئے بچائو آپریشن شروع کیا ۔فوج نے کہا کہ شمالی پلوو سے کھردنگ لا ٹاپ کی طرف پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر تین گاڑیاں برف کی تودوںکے درمیان پھنس گئیں اور ایک گاڑی الٹ گئی۔ان کا کہنا تھا کہ نارتھ پلوو سے فوج کی برفانی تودے بچاؤ ٹیموں نے برف کو صاف کیا اور 8 شہریوں کو جائے وقوع سے بازیاب کرالیا۔ نارتھ پلوو میں ان کی طبی جانچ پڑتال کے بعد ، قریب ہی والے کھردنگ گاؤں کے رہنے والے چند شہریوںکے گھروں میں رکھا گیا اور بقیہ افراد کو خالصار میں رکھا گیا ۔فوج نے کہا کہ ’’کھردنگ لا ٹاپ پر ، مجموعی طور پر 10 شہریوں اور ایک اسکورپیو ، ایک سیول جپسی اور ایک منی بس کو بچایا گیااور انہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ۔فوج نے مزید بتایا کہ ان تمام شہریوں کو جائے وقوع پر فوج نے دستیاب محدود وسائل کے باوجود کھانا اور رہائش فراہم کی۔انہوں نے مزید کہا’’ خطرناک موسم میں فوج کے بروقت اور جرات مندانہ اقدامات سے قیمتی انسانی جان بچ گئی اور مقامی لوگوں نے انہیں خوب سراہا۔‘‘