بانہال //ضلع رام بن کی تحصیل بانہال میں لوگوں کو جعلی دستاویزات فراہم کرنے کے الزام میں کمپیوٹر کی دو دکانیں سربمہر کی ہیں۔ ان میں سے ایک کی دکان بھی شامل ہے۔ یہ کاروائی بانہال کے ڈولیگام علاقے میں انجام دی گئی ہے۔تحصیلدار بانہال شیخ جاوید احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ لوگ تیار کی گئی جعلی دستاویزات کی مدد سے سرکاری آن لائین پورٹل کو دھوکہ دے رہے تھے اور انہوں نے ڈومیسائل کی چالیس اسناد کی حصولیابی کیلئے جعلی دستاویزات آن لائین اپ لوڈ کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کمپوٹر والے لوگوں کو جعلی سٹیٹ سبجیکٹ اور جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ اجرا کرکے ان سے بھاری رقم وصولتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ریکارڈ کی تحقیق کے بعد کل شام چھاپہ مارا گیا اور دونوں کمپوٹر دکانوں کو سربمہر کیا گیا ہے اور دونوں افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس تحقیقات اور ضبط کئے گئے کمپیوٹروں کی جانچ کے بعد اس فراڈ میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔