سرنکوٹ//سرنکوٹ یونیک ہوٹل کے پاس سے گزر رہے نالے میں غیر قانونی طور پر تعمیری کام کیاجارہاہے جس سے بارشوں کے موسم میں نالے کا پانی سڑک پر آنے کا اندیشہ ہے جس سے پہلے بھی دوکانداروں کونقصان اٹھاناپڑاہے ۔حالیہ برساتی موسم میں نالے کاپانی سڑک اور دوکانوںمیں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہوا۔ اس پر دوکانداروں کی طرف سے احتجاج کیاگیا جس پرڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر اور سابق ایس ڈی ایم ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے گریف کی طرف سے تعمیر کی گئی چھوٹی پلی کو توڑ کر اس کی جگہ نئی پلی تعمیر کرنے کا حکم جاری کیا اور ایسا ہی کیابھی گیا ۔تاہم اب اسی نالے پر غیر قانونی تعمیری کام شروع کیاگیاہے۔ ایڈووکیٹ اعجاز خان نے بتایا کہ گریف کی طرف سے کام شروع ہونے پر نالے پر غیر قانونی تعمیرات کو توڑ دیاگیالیکن اب ایک دوکاندار دوبارہ سے نالے کے بیچ پلر بناکر تعمیر کررہاہے جس کے نتیجہ میں بارش کا پانی پھر سے سڑک اور دوکانوں میں داخل ہوجائے گا۔اس سلسلے میں لوگوں نے تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما سے شکایت کی جس پرانہوںنے میونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو افسر کو ہدایت دی کہ وہ اس کام پر فوری روک لگوائیں ۔