عید پیغامات:اسلامی اصولوں اورسادگی سے منائیں،گیلانی، میرواعظ اورمزاحمتی جماعتوں کی اپیل

 سرینگر// حریت (گ)،حریت (ع) ،ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ،پیروان ولایت،مسلم لیگ،پیپلز لیگ اورسالویشن مومنٹ نے عید الفطر کی آمد پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عید سادگی اور اسلامی اصولوں کے مطابق منانے کی اپیل کی ہے۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہماری قوم جب ہی صحیح معنوں میں عید کی خوشیوں سے سرفراز ہوگی، جب ہم آزاد ہوجائیں گے اوران مظالم کا سلسلہ بند ہوجائے گا، جو پچھلی 7دہائیوں سے ہم پر ڈھائے جارہے ہیں‘۔اپنے ایک بیان میں گیلانی نے عید سادگی اور اسلامی اصولوں کے مطابق منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سوگوار ہے اور ہمیں اس موقعہ پر ان یتیموں، بیواؤں اور عمر رسیدہ لوگوں کی ہر ممکن طریقے سے مدد اور دلجوئی کرنی چاہیے، جن کے عزیز واقارب اور لختِ جگرجاں بحق ہوئے ہیں اور جو نانِ شبینہ کے محتاج ہیں۔ اُمّتِ مسلمہ کی موجودہ صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ مسلمان دنیا کے شاید ہی کسی حصے میں آج سکون اور چین کی زندگی گزاررہے ہیں، کہیں غیر اقوام ان کے ساتھ جبروزیادتیاں کررہے ہیں اور کہیں وہ خود خانہ جنگی میں مصروف ہوکر ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہیں۔ عید الفطر کا دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم آپس کے تمام اختلافات اور رنجشیں بھُلا کر ایک دوسرے کو گلے لگائیں اور ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ آئیے مسلکی، فروعی اور دوسرے بے معنیٰ تفرقوں کو بالائے طاق رکھ کر ایک ساتھ عید منائیں اور عہد کریں کہ ان ساری قوتوں کا مل کر مقابلہ کریں جو مسلمانوں کو مٹانے کے درپے ہیں۔حریت (ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے عالم اسلام سمیت دنیا بھر کے مظلوم اور ستم رسیدہ مسلمانوں کو دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دراصل عید الفطر اپنے اندر ایک ایسا حیات آفریں پیغام رکھتی ہے جس سے عالم انسانیت کی بہار وابستہ ہے اور فی الحقیقت عید کے مبارکباد کے وہی لوگ مستحق ہیں جنہوں نے ماہ رمضان اور ماہ قرآن کا کما حقہٗ حق ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جہاں تک جموںوکشمیرمیں عید سعیدکی تقریب منانے کا تعلق ہے تو اس سال بھی کشمیری عوام اس عزم اور یقین کے ساتھ یہ دن منا رہے ہیں کہ ہماری عظیم اور بے پناہ جانی و مالی قربانیاں انشاء اللہ عنقریب رنگ لائیں گی اور ہم ضرور اپنا ہدف اور منزل حاصل کرکے رہیں گے ۔میرواعظ نے کہا کہ ہمیں آج کے دن وطن عزیز کے انتہائی سنگین اور پر آشوب حالات کا احساس کرنا چاہئے اور ان عظیم اور تاریخی جانی و مالی قربانیوں کو ہرگز نظروں سے اوجھل نہیںہونے دیناچاہئے جو ہمارے ہزاروں بزرگوں،عزیزوں اور پردہ نشین مائوں اور بہنوں نے پیش کی ہیں اور آج بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا’’مجھے امید ہے عید کے پر مسرت موقعہ پرمعاشرہ کے غریب ، پسماندہ تحریک اور سال گزشتہ کے قہر انگیز سیلاب سے حد درجہ متاثرہ افراد اور کنبوں کی ہر سطح پر صاحب خیر اور صاحب حیثیت افراد ہر ممکن مدد کریں گے اورموجودہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر عیدسادگی سے منائیں گے‘‘۔ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے ایک دھڑے کے جنرل سیکر یٹر ی خواجہ فردوس نے عوام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کشمیر اس وقت جس  دردناک صورتحال سے گذر رہا ہے ،اُس کا تقاضہ ہے ہم زمینی صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے عید سادگی سے منائیں۔پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی ،صدر مولانا شبیر احمد صوفی اور سیکریٹری جنرل آغا سید یعسوب الموسوی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں امت مسلمہ کو عید سعید کے موقعہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔مولانا قمی نے تمام امت مسلمہ بالخصوص وادی کے عوام کو دنیائے اسلام کی موجودہ صورتحال خصوصاً کشمیریوں کی حالت زار کو مد نظر رکھ ہوئے عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ مولانا نے یوم القدس کے موقعہ پر پارا چنار پاکستان میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے کرنے والوں کو دہشتگردانہ حملہ کرکے ان کو ابدی نیند سلانے کی پرزور مذمت کی ہے۔مسلم لیگ ترجمان سجادایوبی نے عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ چونکہ کشمیر اس وقت جس کربناک اور دردناک صورتحال سے گذر رہا ہے ،اُس کا تقاضہ ہے ہم زمینی صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے عیدالفطر سادگی سے منائیں ۔پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے کورٹ بلوال جیل سے عوام کو عید مبارک پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان گھرانوں کو بھی اپنی خوشی میں شامل رکھیں جن کے عزیز و عقارب اس تحریک کے نذر ہوئے ہیں۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے عیدالفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ عیدالفطرکو نہایت ہی سادگی سے منائیں۔