عید پر بھی تنخواہیں نہیں

 گاندربل//ارشاد احمد//سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل کے چار رینج میں تعینات سینکڑوں کیجول لیبروں نے عیدالفطر پر تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کیا۔ ہرن شالہ بگ،سوئیل،مانسبل اور سندھ میں تعینات ان کیجول لیبروں نے عید الفطر پر تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاجی ملازمین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ گھر بار چھوڑ کردن رات جنگلات کی حفاظت کرتے رہتے ہیںلیکن جب تنخواہ کا معاملہ آتا ہے تو سادہ کاغذ پر دستخط لیکر 4500 سو روپے کے بجائے ایک ہزارروپئے پیش کئے جاتے ہیں اور کچھ ملازمین کو 1950 روپے دیئے جاتے ہیں لیکن اس عید الفطر کے موقع پر وہ بھی نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے عید پر قرضہ لیناپڑا۔اس سلسلے میں پرنسپل چیف کنسرویٹر اےکے سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سادہ کاغذ پر دستخط لیکر کم تنخواہیں دینے کی باضابطہ تحقیقات کی جائے گی اور رکی پڑی تنخواہیں چند روز میں واگزار کی جائیں گی۔