پونچھ//محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کو ریاستی وزیراعلیٰ کی ہدایت کے بعد بھی پوری تنخواہیں واگزار نہیں کی گئی ہیںجس پران ملازموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے محکمہ کے اعلیٰ افسران کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملازموں میں بھیدبھائو کر رہے ہیں۔انہوںنے محکمہ کے اعلیٰ افسران پر الزام لگایا کہ وہ کچھ ملازموں کو پوری تنخواہیں واگزار کرتے ہیں اور کچھ کے ساتھ ٹال مٹول کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ لینڈ کیس کے تحت لگے ہیں اور پچھلے پینتیس (35) ماہ سے انہیں تنخواہیں نہیں دی گئیں۔ان کاکہناتھا کہ اس بار ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے اعلان کئے جانے کے بعد بھی انہیں صرف ایک ماہ کی تنخواہ دی گئی جو ناکافی ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ان کے ساتھ لگے ہوئے آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈرس اور دیگر عارضی ملاموں کو پوری بقایا تنخواہیں واگزار کی جا چکی ہیں ،صرف انہی کے ساتھ بھید بھائو کیا جا رہا ہے۔ان ملازموں نے ریاستی وزیر اعلیٰ سے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے بار بار انہیں یقین دہانی کی جاتی رہی ہے کہ لینڈکیس کے تحت لگائے گئے ملازموں کو جلد مستقل کیا جائے گا لیکن ابھی تک انہوں نے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی کہ وہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کریں کہ ان کی بقایا تنخواہیں جلد از جلد واگزار کی جائیں ،ساتھ میں ان ملازموں کے لئے وزیر اعلیٰ کو بھی سفارش کریں کہ انہیں مستقل کیا جائے۔