نیوز ڈیسک
جموں//جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور بہتر پولیسنگ کے اپنے اہداف کو بڑھانے کیلئے ان شعبوں کی نشاندہی کریں جن پر توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے مقدمات کو پیشہ ورانہ طور پر نمٹانا اور مقدمات کو نمٹانے کیلئے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کی صدارت میں پولیس ہیڈ کواٹرس جموں میں چوتھی سہ ماہی افسران کی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں سال 2022 کیلئے مقرر کردہ اہداف میں حاصل کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں سپیشل ڈی جی سی آئی ڈی، آر آر سوین، اسپیشل ڈی جی کرائم، اے کے چودھری، اے ڈی جی ایس پی ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال کے علاوہ دیگر پولیس افسران موجود تھے جبکہ اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار، جموں و کشمیر کے رینج ڈی آئی ایس جی اور ضلع کے ایس ایس پی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔ میٹنگ میں این ڈی پی ایس معاملات پر بات ہوئی جس دوران بہترین نتائج پر ڈی جی پی نے افسران کی تعریف کی اور کہا کہ منشیات میں ملوث تمام افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دینے کیلئے کارورائی تیز کی جائے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ تفتیش اور استغاثہ کے معیار کو بہتر بنائیں تاکہ جرائم کے تمام مقدمات بالخصوص یو اے پی اے اور خصوصی جرائم کے مقدمات میں سزاؤں کو بڑھایا جا سکے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ جرائم کے مقدمات کو پیشہ ورانہ طور پر نمٹانا اور مقدمات کو نمٹانے کے لیے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سابقہ زیر التوا کیسوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، عوام مثبت تبدیلیوں کی توقع کر رہے ہیں۔ انہوں نے شاہراہوں اور بین ضلعی سڑکوں پر مزید چیکنگ اور ناکہ پوائنٹس کو بڑھانے اور جدید بنانے پر زور دیا تاکہ لوگوں کیلئے محفوظ ماحول کو مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہیڈ کواٹر ہر سطح پر ناکہ پوائنٹس کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون اور وسائل فراہم کرے گا۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بارڈر آؤٹ پوسٹوں کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے بار بار سرحدی علاقوں کا دورہ کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ وقتاً فوقتاً ہسٹری شیٹروں کے ریکارڈ کا جائزہ لیں اور غیر قانونی اور سماجی مخالف سرگرمیوں میں پائے جانے والے افراد کی فائلیں کھولیں اور پولیس کے اس کام کی تشہیر کریں۔ انہوں نے اضلاع کے ذریعہ منتخب سرحدی دیہاتوں کو گود لینے کا مشورہ بھی دیا۔ڈی جی پی نے خصوصی فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کے لیے تربیتی نظام الاوقات کو جدید بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے پولیس مہلوکین کے پسماندگان اور بچوںاور خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید سکیمیں تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
کشتواڑ میں بڑے پیمانے پر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کا آغاز
جموں// جموں وکشمیر کے کشتواڑ ضلع میں منگل کے روز سیکورٹی فورسز نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔معلوم ہوا ہے کہ کشتواڑ میں قائم ہائیڈل پروجیکٹوں کی سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ منگل کے روز 17اور 11راشٹریہ رائفلز اور جموں وکشمیر پولیس نے کشتواڑ ضلع کے مضافاتی علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے رہائشی مکانوں کی تلاشی لی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔اْن کے مطابق کشتواڑ ضلع میں مشتبہ افراد کی تلاش کی خاطر اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ میں ہائیڈل پروجیکٹوں کی سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا۔آخری اطلاعات کے موصول ہونے تک تلاشی آپریشن جاری تھا ۔
دراندازی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی | 16ویںکورکے کمانڈر کا اگلی چوکیوں کا دورہ ، فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا
نیوز ڈیسک
جموں//جموں صوبے میں ہائی الرٹ کے بیچ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین نے منگل کے روز اکھنور میں سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور وہاں پر آفیسران کے ساتھ سیکورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔معلوم ہوا ہے کہ کو رکمانڈر نے اگلی چوکیوں کا بھی دورہ کیا۔اطلاعات کے مطابق 16کارپس کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین نے منگل کے روز اکھنور میں بین الاقوامی سرحد کا دورہ کیا اور وہاں پر فوجی آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ذرائع نے بتایا کہ کور کمانڈر نے فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور وہاں پر تعینات آفیسران نے اْنہیں بین الاقوامی کنٹرول لائن کی صورتحال کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔فوجی کمانڈر نے پالن والا سیکٹر میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اوروہاں پر تعینات آفیسران کے ساتھ سرحدی صورتحال پر ایک میٹنگ بھی کی۔دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین نے منگل کے روز بین الاقوامی سرحد کا دورہ کیا۔فوج کے سینئر آفیسران نے جی او سی کو آپریشنل تیاریوں، سیکورٹی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور اندرونی سیکورٹی معاملات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے اس دوران وہاں تعینات فیلڈ فارمیشن کمانڈروں اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔کور کمانڈر نے کہا’’دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دشمنوں کے کسی بھی مس ایڈونچر اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ان کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر دراندازی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا گیا جس دوران کئی دراندازوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔فوجی کمانڈر کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔