عوامی شکایات کا ویب پورٹل ، 20352شکایات موصول

جموں//منصوبہ بندی اور ترقیات محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے گورنر گریوینس سیل جموں میں ایک جائزہ میٹنگ میں عوامی شکایات کے ازالے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کی طرف سے موصول شکایات کی پیش رفت سے متعلق تفاصیل طلب کیں جس دوران انہیں بتایا گیا کہ گریوینس ویب پورٹل کو 250 محکموں سے متعلق 20352شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں اب تک 9601 شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ 5577 پر کارروائی جاری ہے اور 5174کو مختلف وجوہات کی بنا پر رد کیا گیا ہے۔متعلقہ نوڈل افسران نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے میں درپیش مشکلات کے بارے میں پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی جنہوں نے مختلف محکموں کے مابین بہتر تال میل قائم کرکے عوامی شکایات کے بروقت ازالے پر زور دیا۔انہوں نے زیر التوا شکایات پر ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے محکمانہ سطح پر شکایتوں کے ازالے سے متعلق لائحہ عمل تشکیل دینے کی بھی صلاح دی۔میٹنگ میں گورنر گریوینس سیل کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انعام الحق صدیقی اور مختلف محکموں کے نوڈل افسران نے بھی شرکت کی۔