جموں//جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے جاری کردہ نئے اراضی آرڈر کی مخالفت کرنے کیلئے عام آدمی پارٹی نے بدھ کو جموں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ پارٹی کے سینئر رہنما اور کارکنان جموں میں بی جے پی کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے اور ایل جی انتظامیہ اور بی جے پی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ ’’حکومت کو ان سیاسی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جنہوں نے زمین کا بڑا حصہ ہڑپ کیا اور کارروائی لینڈ مافیا کے خلاف بھی کی جانی چاہئے‘‘۔ عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ غریبوں سے زمین نہ چھینے جو حکومت کی طرف سے الاٹ کی گئی زمین کے چھوٹے ٹکڑوں پر گزر بسر کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی لیڈرو ں اور وزیر اعظم نے 2022-23 تک ملک میں غربت کو دور کرنے کا نعرہ دیاتھالیکن حکومت نے غربت کو دور کرنے کے بجائے جموں و کشمیر میں غریبوں کو زمین سے ہٹانا شروع کر دیا ہے۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کے حق میں کام کرنے کے سلسلے میں بی جے پی کے تمام اونچے نعرے کھوکھلے ہیں اور محض عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے دیے گئے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ قائدین نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ غریب لوگوں کی آواز اٹھائی ہے اور پارٹی ایسا کرتی رہے گی اور حکومت کے اس نئے زمینی حکم اور حکومت کی دیگر تمام آمرانہ پالیسیوں کا مزاحمت کرے گی تاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔ اس احتجاج میں پارٹی لیڈر ہرش دیو سنگھ، ایس ایس شنگاری، معراج ملک، یشپال کنڈل بھی موجود تھے۔