راجوری //محکمہ تعلیم نے کوٹرنکہ زون کے ان اساتذہ کے خلاف کارروائی کا انتباہ جاری کیاہے جن کواساتذہ کی کمی پورا کرنے کیلئے خواس ، لوہر ہتھل ، کالاکوٹ اور سندر بنی میں تعینات کیاگیاہے ۔محکمہ تعلیم کے ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ بوائز ہائراسکینڈری سکول سندر بنی میں پچھلے مہینے میں محکمہ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموںنے یہ ہدایات جاری کیں کہ ایسے سکولوںکیلئے فوری طور پر تدریسی عملے کا انتظام کیاجائے جہاں اساتذہ کی کمی پائی جارہی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ یہ فیصلہ لیاگیاکہ کوٹرنکہ زون میں تعینات اساتذہ کو موسم سرما کے دوران گرمائی زونوں میںعارضی طور پر تعینات کیاجائے گاکیونکہ کوٹرنکہ میں سردیوں کی چھٹیاں چل رہی ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسر راجوری کے دفتر سے ایک حکم نامہ بھی جاری ہوالیکن اس کے باوجود بیشتر اساتذہ نے ابھی تک دوسرے زونوں میں جوائن نہیں کیا ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اساتذہ کی جانب سے برتی جارہی اس لاپرواہی کو دیکھتے ہوئے محکمہ نے ان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیاہے ۔اس حوالے سے محکمہ نے خط زیر نمبر CDOR/PS/2017-18/35650-55جاری کیاہے جس میں عارضی طور پر تعینات کئے گئے اساتذہ کو ایک بار پھر سے اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ڈیوٹی جوائن کریں نہیں تو ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔