راجوری //گورنمنٹ پی جی کالج راجوری کے طلباء نے پولیس پر طاقت کا بے جا استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاجی دھرنادیا۔طلباء کاکہناتھاکہ گزشتہ روز ہسپتال کے باہر پولیس نے ان کے خلاف طاقت کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے حالات زیادہ خراب ہوئے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں ۔طلباء کاکہناتھاکہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جائے اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔انہوںنے مقامی سیاسی رہنمائوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ ضلع ہسپتال راجوری کے نظام میں سدھار لانے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہسپتال کایہ حال ہے کہ اس میں ایک ایمبولینس گاڑی تک دستیاب نہیں ہوتی ۔انہوںنے مانگ کی کہ کالج کے اندر ہی بنیادی طبی سہولیات فراہم رکھی جائیں ۔بعد ازآں ڈپٹی کمشنر راجوری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی سی اے ایس چب اور اے سی ریونیو عبدالقیوم میر موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے طلباء سے بات چیت کرکے انہیں یقین دلایاکہ ان کے مطالبات حکام کے نوٹس میں لائے جائیںگے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز کالج کے ایک طالبعلم کی موت ہونے پر طلباء نے شدید احتجاج کیا جس دوران پتھرائو ،لاٹھی چارج اور آنسو گیس بھی استعمال کئے گئے ۔ طلباء کا الزام تھاکہ وقت پر نہ ہی ڈاکٹر دستیاب تھے اور نہ ہی ایمبولینس گاڑی ملی ۔