اودہمپور//صحت و طبی تعلیم کے وزیر ڈاکٹر دیوندر کمار منیال نے آج ضلع ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں ممبر اسمبلی پون کمار گپتا کی موجودگی میں ڈائلسز یونٹ کا افتتاح کیا۔ڈی سی اودہم پور رویندر کمار، ناظم صحت جموں گرجیت سنگھ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر نے ضلع ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔ انہیںمریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔اس سے قبل انہوں نے ایک میٹنگ کے دوران ضلع ہسپتال کے کام کاج اورحصولیابیوں کا جائیزہ لیا۔ اس دوران ایم ایل اے اودہمپور نے ضلع ہسپتال کے حوالے سے کئی مطالبات وزیر کے سامنے رکھے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ضلع ہسپتال اودہمپور میں ڈائلسز سہولیات شروع کرنے سے مریضوں کو کافی فائدہ ہوگا اور اب ان مریضوں کو یہ سہولت حاصل کرنے کے لئے جموں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا اور ان کے خرچہ علاج میں بھی کافی کمی ہوگی۔وزیر نے کہا کہ حکومت نے صحت شعبہ¿ کو ترجیحات میں شامل کیا ہے اور ریاستی عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کے لئے کوشاں ہے کہ جموں وکشمیر کے ہر ایک ضلع میں ڈائلسز یونٹ قائم کیا جائے اور مریضوں کو یہ سہولت مفت دستیاب ہوسکے۔بعد میں وزیر نے میڈیکل ایمپلائیز فیڈریشن کے ساتھ بھی بات چیت کی ۔ اس دوران ملازمین نے اپنے اپنے مسائل کو اجاگر کیا۔وزیر نے یہ مسائل غور سے سُنے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔