سرینگر// اپنی پارٹی نے سرینگر میں صوبہ کشمیر کے ضلع صدور کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی جس میں پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی ممبر شپ مہم کا جائزہ لیاگیا۔ پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں سنیئر پارٹی لیڈرشپ کے علاوہ سبھی ضلع صدور نے شرکت کی۔ اس دوران کووڈ19کی سبھی احتیاطی تدابیر اور سماجی دوری قواعد پر عملدرآمد کیاگیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی ممبر شپ مہم کی رپورٹ دیکھنے سے لگتا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر ہدف پورا کرلیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے ہرورکر بشمول لیڈرشپ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جتنا ممکن ہوسکے زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ جُڑیں۔انہوں نے کہا’’یہ صرف شروعات ہیں، لوگ اپنی پارٹی میں اس لئے شامل ہورہے ہیں کیونکہ وہ صحیح معنوں میں عملی سیاسی نظریہ اور وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے عمل سے متاثر ہوئے ہیں‘‘۔انہوں نے پارٹی عہدیداران اور ورکروں پرزور دیاکہ وہ پارٹی کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی ایجنڈے کو زمینی سطح پر عملانے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔ بخاری نے کہاکہ ممبر شپ کے دوران نچلی سطح پر مردو خواتین کو متحرک کیاجائے اور جموں اورکشمیر کے اطراف واکناف میں پارٹی کیڈر کو مضبوط کیاجائے۔ انہوں نے کہا’’ہمیں ضرورت ہے کہ زندگی کے مختلف شعبہ جات کے مرد وخواتین کو ہماری جماعت کے ایجنڈہ کے ساتھ جوڑیں، یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ اپنے پروگراموں کو زمینی سطح پر لے جائیں ، تاکہ پارٹی کو مضبوط کریں اور ساتھ ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کے مسائل سے متعلق حکومت کے خلاف آواز بلند کرسکیں۔ بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی صداقت پر مبنی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے ساتھ کئے ہوئے وعدوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا’’اپنی پارٹی کا ایجنڈہ ہمیشہ امن، ترقی اور جموں وکشمیر کی یکساں ترقی رہا ہے اور ریاستی درجہ کی بحالی ہماری جماعت کا اہم مقصد ہے‘‘۔ اپنی پارٹی صدر نے جموں وکشمیر میں تیزی کے ساتھ کورونامثبت معاملات میں اضافہ ہونے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ پرزور دیاکہ عالمی صحت ادارہ کی طرف سے جاری گائیڈلائنز اور ایس او پیز کو من وعن زمینی سطح پر نافذ کیاجائے۔ انہوں نے آبادی کے لئے کویڈ ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ضروت پر بھی زور دیا اور حکومت ِ ہند سے گذارش کی کہ جموں وکشمیر یوٹی کے لئے وافر مقدار میں ویکسین اور دیگر ادویات بھیجی جائیں۔بخاری نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی حفاظت اور سلامتی کے لئے کویڈگائیڈلائنز پر عمل کریں اور اِس کے لئے بھر پور تعاون دیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے ویکسین نہیں لی تو بھی ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ہمیں حکومت کی طرف سے جاری سارے ایس او پیز پر من وعن عمل کرنا چاہئے۔ اس میٹنگ میں جن لیڈران نے شمولیت کی ،اِن میں سنیئر نائب صدر غلام حسن میر ، پارٹی سنیئرلیڈر محمد دلاور میر، نائب صدر اور ضلع انچارج شوپیان ظفر اقبال منہاس، پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر،پارٹی چیف کارڈی نیٹر اور انچارج ضلع صدر کولگام عبدالمجید پڈر، پارٹی ترجمان جاوید حسن بیگ، پارٹی صوبائی صدر محمد اشرف میر، ریاستی سیکریٹری اور انچارج ضلع صدر بڈگام منتظرمحی الدین، صوبائی نائب صدر کشمیر جگموہن سنگھ رینہ، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نورمحمد شیخ،ضلع صدر کپواڑہ راجہ منظور، ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر، ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر اور ضلع صدر گاندربل جاوید احمد میرقابل ِ ذکر ہیں۔