راجوری//ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یوتھ نیشنل کانفرنس نے کہاہے کہ راجوری میں ترقیاتی کام تو کچھ نہیں ہورہا البتہ حکمران جماعتیں کاغذی گھوڑے دوڑارہی ہیں ۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این سی یوتھ کے صوبائی صدر اعجاز جان ،نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر شفاعت خان ، یوتھ ضلع صدر مطیع الرحمن ،مینارٹی سیل صدر ایس نرمان سنگھ ، شفقت میر ، افتار لون و دیگران نے کہاکہ سابق حکومت نے راجوری کی ترقی پر خاصی توجہ دی لیکن موجودہ حکومت نے صرف کاغذی گھوڑے دوڑائے ہیں اور زمینی سطح پر کوئی کام نہیںہورہا۔ اعجاز جان نے کہاکہ حکومت عوام کی توقعات کے برعکس کام کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ منی سیکریٹری راجوری پر سابق حکومت نے کام شروع کیاتھا جس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے بجائے موجودہ حکومت نے اسے بند کردیاہے اور یہ پروجیکٹ سیاست کاشکار ہوکر رہ گیاہے ۔انہوںنے کہاکہ سپورٹس اسٹیڈیم راجوری کی تعمیر پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔انہوںنے کہاکہ سابق حکومت نے دونوں اضلاع راجوری پونچھ کیلئے میڈیکل کالج کااعلان کیالیکن موجودہ حکومت نے سیاسی ایماپر اسے کسی مرکزی مقام پر تعمیر کرنے کے بجائے راجوری کے ایک کونے میں منتقل کردیاہے ۔انہوںنے کہاکہ سابق حکومت کے دور میں بدھل کو تحصیل اور گھمبیر مغلاں کو بلاک کادرجہ دیاگیا لیکن موجودہ حکومت نے ان علاقوں کو نظرانداز کردیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ بی جے پی حکومت ریاست کے تشخص کو مٹانے کے درپہ ہے لیکن نیشنل کانفرنس ہر جگہ اس کا تحفظ کرے گی۔