بارہمولہ // ضلع اسپتال بارہمولہ میں سی ٹی اسکین مشین اور لفٹ خراب ہونے کے نتیجے میں مریضوں اور تیماداروں کو سخت مشکلات درپیش ہیں جبکہ اسپتال میں صفائی کے فقدان کی وجہ سے ہرسو گندگی پھیلی ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ ضلع اسپتال بارہمولہ کا کچھ سال قبل درجہ بڑھاکر ایسوسیٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج بنادیا گیا تھا تاہم اسپتال کا لفٹ کئی ماہ قبل خراب ہوا ہے لیکن ستم طریفی یہ ہے کہ آج تک مذکورہ لفٹ کو ٹھیک نہیں کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مریضوں اور تیماداروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور آپریشن کے عمل سے گزرے مریضوں کو کندھوں یا ہاتھوں پر اُٹھاکر واڑوں تک پہنچانا پڑتا ہے ۔انہو ں نے بتایا کہ اس کے علاوہ اسپتال میں کئی سال قبل ایک سی ٹی سکین مشین نصب کی گئی تھی تاہم بدقسمتی سے وہ بھی پچھلے دو ماہ سے خراب پڑی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو یا تو سی ٹی سکین کرانے کیلئے سرینگر کا رُخ کرنا پڑ تا ہے یا انہیں نجی کلنکوں پر جانا پڑ تا ہے۔ ادھرمعلوم ہوا ہے کہ ایسوسیٹ میڈیکل کالج بننے کے بعد اگر چہ کئی عمارتوں کی تعمیر کا کام بھی شرع کیا گیا تھا تاہم ابھی کئی عمارتیں تشنہ تکمیل ہیں ۔ بیماروں اورتیماداروں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں صفائی کا فقدان ہے ۔ لوگوں کے مطابق اگر چہ انہوں نے کئی بار محکمہ صحت کے افسراں کو مطلع کیا تھا تاہم آج تک اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کے علیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں فوری طور مداخلت کریں تاکہ مریضوں اورتیما داروں کو درپیش مشکلات سے راحت مل سکے ۔