سرینگر//صوبائی کمشنر پانڈورانگ پولے،نے یہاں حاکموں کی ایک میٹنگ میں عیدالضحیٰ کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیااورتمام مذہبی مقامات اور بازاروں میں ٹیکہ کاری اور ٹیسٹنگ سہولیات بہم رکھنے پرزوردیا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ کورونا اینفورسمنٹ ٹیمیں تمام بازاروں میں موجود رہیں گی تاکہ کورونارہنماخطوط کی پاسداریوں کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مذہبی مقامات اور بازاروں اور قربانی کے جانوروں کی منڈیوں میں کورونا ٹیسٹنگ اور ٹیکہ کاری کی ٹیمیں تعینات رہیں گی تاکہ کووِڈ کے پھیلنے کو روکاجائے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگرچہ کورونا مثبت معاملوں میں کمی آرہی ہے تاہم وائرس سے بچنے کیلئے کووِٖڈ گائیڈ لائنزپرعملدرآمد میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔صوبائی کمشنروں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلئے سیل مراکزقایم کریں ۔انہوں نے مرغوں کی دستیابی اور معقول داموں ان کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات دیں۔انہوں نے بازاروں میں ناجائز منافع خوری کو روکنے کیلئے مختلف محکموں کی ٹیمیں تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔پولیس کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ عید کے دوران حفاظتی بندوبست کاانتظام کریں۔صوبائی کمشنرنے میونسپل حکام کو شہرمیں صفائی ستھرائی کاخاص خیال رکھنے کی بھی تاکیدکی۔