نجف زہرا تقوی
مائیں بچوں کی صحت کے لیے ہمیشہ پریشان رہتی ہیں۔ایسے میں اگر بات ہو شیر خوار بچوں کی صحت کی تو ان کی فکر میں اور بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔معمولی بیماریوں یا تکلیف کے لیے بچوں کو ڈاکٹر کے پاس لے کر جانا یا دوائیں کھلانا ان کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔اس سے کہیں بہتر ہے کہ برسوں سے آزمودہ گھریلو ٹوٹکوں سے استفاہ حاصل کیا جائے۔بچوں کے چھوٹے چھوٹے مسائل کے لیے چند احتیاطی تدابیر اورگھریلو ٹوٹکے درج ذیل ہیں۔
طاقت کے لیے جائفل کو تین گلاس پانی میں آٹھ سے دس منٹ تک اُبالیں اور اس پانی کو بچوں کے دودھ میں استعمال کریں۔بچوں کی جسمانی مضبوطی کے لیے اور ان کی ہڈیاں مضبوط کرنے کے لیے تیل اور دودھ کی کریم سے بچوں کا مساج کریں۔چھوٹے بچوں پر موسمی بیماریاں جلد اثر انداز ہوتی ہیں۔لہٰذا انہیں نزلہ ،زکام سے محفوظ رکھنے کے لیے زعفران کو پانی میں بھگو دیں اور یہ پانی ان کے سینے پر لگائیں۔چھوٹے بچے دانت نکلنے سے پہلے تکلیف محسوس کرتے ہیں۔اس دوران ان کی طبیعت میں چڑ چڑا پن بھی آ جاتا ہے،بچوں کے دانت آسانی سے نکل آئیں اس کے لیے تھوڑا سا شہد نمک کے ساتھ ان کے مسو ڑھوں پر مل دیں۔بچوں کے پیٹ کے درد کے لیے زیرہ پانی میں اُبال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر اسے چھان لیں،تقریباً ایک چائے کے چمچ کے برابر یہ پانی بچوں کو ہر تھوڑی دیر کے بعد پلانے سے انشاء اللہ پیٹ کا درد دور ہو جائے گا۔چونکہ چھوٹے بچوں کی جلد نرم اور حسا س ہوتی ہے۔ اس لیے انہیں ڈائپر باندھنے سے نیپی ریش ہو جاتے ہیں۔ریش دور کرنے کے لیے ڈائپر باندھنے سے پہلے ذرا سا کورن فلور پائوڈر کی طرح لگا دینے سے آرا م رہے گا۔
دودھ کی بوتل کی چکنائی بچوں کی دودھ کی بوتل کے نپل پر جم جاتی ہے،جو نہ صرف بچے کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے نپل بھی خراب ہو جاتا ہے۔اسے صاف کرنے کے لیے نپل کے اندر نمک ڈال کر خوب تیز گرم پانی سے دھوئیں ،ساری چکنائی نکل جائے گی۔چھوٹے بچوں کو قبض کی شکایت ہو تو چھ سے آٹھ کشمش گرم پانی میں بھگو دیں،جب پانی ٹھنڈا ہو جائے تو کشمش کو مسل کر چھان لیں۔یہ پانی شیر خوار بچوں کو روزانہ دیں، ان کے لیے مفید ہے۔ بچوں کے دانتو ں میں کیڑا لگنے سے بچانے کے لیے ہفتے میں دو،تین مرتبہ امرود کے پتے اچھی طرح دھو کر اُبال لیں،پھر بچوں کو اس پانی سے کلیاں کروائیں ،کیڑا لگنے سے محفوظ رہیں گے،اور دانتوں کا کیڑا بھی ختم ہو جائے گا۔بچے کا وزن بڑھانے کے لیے روزانہ صبح بادام کے ساتھ چند دانے کشمش کے کھلانے سے ان کا وزن بڑھنے لگے گا۔آپ کے بچے کو اگر بھوک نہیں لگتی تو ایک سنگترے کی کی پھانک تھوڑا سا کالا نمک چھڑک کر کھلانے سے بچے کی بھوک کھل جائے گی۔سکول جانے والے بچوں کا حافظہ تیز کرنے کے لیے روزانہ صبح سات بادام اور دو کالی مرچ بھون کر بچوں کو کھلا دیں۔