بلال فرقانی
سرینگر//انتظامیہ نے سرینگر میں گاڑی مالکان کو ہدایت دی کہ اپنے آدھار سے منسلک موبائل نمبروں کو اپنی گاڑیوں کے ساتھ اپ ڈیٹ کریں۔آر ٹی او کشمیر سید شہنواز بخاری نے اس سلسلے میں ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہرمیں ٹریفک کی نقل و حرکت کے انتظام اور نگرانی کو بڑھانے کیلئے انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (ITMS) شروع کیاجا رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم میں آٹومیٹک نمبر پلیٹ کی شناخت،ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی کی کھوج، رفتار کی خلاف ورزی کا پتہ لگانے، ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کے مختلف جرائم کی خودکار شناخت شامل ہوگی۔بخاری نے بتایا کہ اس سلسلے میں لوگوں تک مؤثر معلومات پہنچانے کو یقینی بنانے اور عوام کو کسی قسم کی تکلیف سے بچنے کیلئے تمام گاڑیوں کے مالکان کو اپنے آدھار سے منسلک موبائل نمبروں کو اپنی گاڑیوں کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اپ ڈیٹ انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم سے متعلق اہم اطلاعات اور اپ ڈیٹس حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے۔آر ٹی او نے گاڑی مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے موبائل نمبروں کو ایک ہفتے کے اندر اندر اپ ڈیٹ کریں۔یہ سروس آن لائن دستیاب ہے اور اس سلسلے میں parivahan.gov.in اور mparivahan موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اس سروس کا فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔