شوپیان//شاہد ٹاک //جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں ایک دلدوز حادثہ میں کرنٹ لگنے سے 13ماہ کی بچی لقمہ اجل بن گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ زائرہ نظیر گھر میں کھیل رہی تھی اور افراد خانہ گھر کی صفائی کررہے تھے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کچن کی صفائی کے دوران وہاں پانی جمع ہوگیا اس دوران زائرہ وہاں داخل ہوگئی اور اچانک کچن میں بجلی کی ایک تار گر کر پانی میں گئی اور زائرہ کو زوردار جھٹکا لگا اور بیہوش ہوگئی۔زائرہ کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سینٹر حرمین پہنچایا گیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے ضلع اسپتال شوپیان منتقل کیا تاہم ضلع اسپتال شوپیان پہنچنے پر ڈاکٹروں نے بچی کو مردہ قرار دیا۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرلیا ہے۔