شاہد ٹاک
شوپیان// شوپیان ضلع میں دو ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن منگل کو 5ویں روزختم کرنے کے بعد فورسز اہلکاروں نے شام کے وقت دوبارہ محاصرہ کیا۔منگل کوسیکورٹی فورسز نے حسب معمول رات بھر کے وقفے کے بعد کومبنگ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا۔ سیکورٹی فورسز نے پیر کی شام تک 7میں سے چار گائوں کو کلیئر کر دیا تھا۔تلاشی کا عمل رات بھر معطل رہنے کے بعد منگل کو دن کے وقت دوبارہ شروع ہوا۔
دونوں ملی ٹینٹوں کو 3 جولائی کو نگرانی کیمروں کے ذریعے ایک گھنے باغ میں دیکھا گیا تھا۔فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کئی کالموں کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کے گرد گھیرا تنگ کر رکھا ہے۔حکام نے بتایا کہ پھنسے ہوئے ملی ٹینٹوںنے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی ، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔سیکورتی فورسز نے جمعرات کی سہ پہر قریب 3بجے سعد پورہ پائین،امشی پورہ، شمسی پورہ، چھانہ پورہ، گنڈ ہادو، چک، اور میمندر کے قریبی دیہات کا محاصرہ کیا اور 5روز تک گھنے باغات اور گھر گھر تلاشی کارروائی کی۔ 44آر آر، 3پیرا، 34آر آر،سی آر پی ایف 14بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے ایک وسیع علاقے کی ناکہ بندی کررکھی اور لوگوں کو مشورہ دیا گیا کہ اپنی کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل رکھیں ۔ہفتے کی شب چھانہ پورہ علاقے کے نزدیک کئی بار فائرنگ ہوئی اور دھماکے بھی سنے گئے۔ تلاشیوں کا سلسلہ جمعہ ، سنیچر ، اتوار ، پیر اور منگل کو 5 دن سے جاری رہا۔ منگل کی شام 6بجے علاقے کا محاصرہ اٹھایا گیا۔