عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ جہاں بالائی و میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئی جسے عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی۔ مڑواہ سب ڈویژن میں صورتحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے جہاں گزشتہ دوروز میں تین مقامات پر بادل پھٹنےکے واقعات رونما ہوئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔مقامی ذرائع کے مطابق مڑواہ کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، جس کے باعث کئی دیہات کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ متاثرہ عارضی پل عوام کی آمد و رفت کا واحد ذریعہ تھے، جن کے بہہ جانے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دہرینہ میں بادل پھٹنے کے بعد دو عارضی پلوں کو شدید نقصان پہنچاہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بادل پھٹنے سے تیز ریلے نے پلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے نہ صرف انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا بلکہ قریبی علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا بھی پیدا ہو گئی۔ انتظامیہ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔ وہیں کشتواڑ ٹھاٹھری شاہرہ درابشالہ کے قریب کئی گھنٹوں تک آمدورفت کیلئے بند رہی جسے بعد میں بحال کردیاگیا۔