محمد تسکین
بانہال // شب برات کی نسبت سے بانہال کی مختلف مساجد اور خانقاہوں میں رات بھر شب خوانی اور درود و اذکار کی محفلیں منعقد ہوئیں اور فرزندانِ توحید کی بھاری تعداد نے شب خوانی میں شرکت کی ۔ سب ڈویژن بانہال میں شب برات کی سب سے بڑی تقریب زیارت پیر دستگیر صاحب کراواہ میں منعقد ہوئی جہاں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شب خوانی میں شرکت کی ۔ اس کے علاوہ جامع مسجد گنڈ عدلکوٹ ، ڈولیگام ، عیدگاہ جامع مسجد بانہال ، مرکزی جامع مسجد بانہال سمیت اطراف و اکناف کی مساجد میں بھی شب خوانی کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔ رام بن میں بھی شبخوانی اور درود و اذکار کی محفلیں آراستہ ہوئیں اور اس سلسلے میں جامع مسجد میتراہ ، جامع مسجد جدید اور مرکزی جامع مسجد رام بن میں اس نسبت سے شب خوانی اور درود و اذکار ، دعاؤوں اور نفلی عبادات کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر علماء اکرام نے شب برات کی فضیلت اور عظمت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا رہیں اور اسلامی تعلیمات سے ہی دنیا کو ہر غم اور پریشانی سے نجات مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام واحد مذہب ہے جس میں امن سلامتی اور بھائی چارے کی تعلیمات پنہاں ہیں اور اسی دین حق سے ہی دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔