سرینگر// دوبرسوں کے بعدشب برات کی تقریبات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ اجتماعی طور پر منائی گئیں ۔ پیر پنچال پہاڑیوں کے آرپار تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں شب خوانی کا اہتمام کیاگیا۔ وادی میں شب برات کی سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں عقیدتمندوں نے شب خوانی کی اور بارگاہ الٰہی میں سربسجو د ہو کر اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی ۔ شب خوانی کرنے والوں میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔درود واذکار کی محفلوں سے حضرت بل کا پورا علاقہ رات بھر گونجتا رہا ۔وادی کے دیگر اضلاع کے علاو ہ جموں،پیر پنچال اور چناب خطوں میں بھی شب برات کی تقریب میں لوگ شب خوانی میں محو رہے جس کے دوران علماء نے شب برات کی فضیلت پر روشنی ڈالی ۔ جناب صاحب صورہ ،حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحبؒ،آستان عالیہ خانیار ،سرائے بالا ، آثار شریف شہری کلاشپورہ ، سید یعقوب صاحبؒ سونہ وار،اقرا مسجد سرائے بالا ، جامع مسجد قدیم بٹوارہ ، سید عنکبوت ؒ صاحب بٹوارہ ، خانقاہ معلی اور شیخ نور الدین نورانی ؒ کی زیارت گاہ واقع چرار شر یف ، پنجورہ شوپیان ، تجر شریف سوپور ، بانڈی پورہ ، ہندوارہ ، جامع مسجد کپوارہ کے ساتھ ساتھ وادی کی اکثر مساجد ، خانقاہوں اور زیارتگاہوں میں شب خوانی کا اہتما م کیاگیا جس دوران ائمہ مساجد نے تفصیل کے ساتھ شب برات کی اہمیت اور فضیلت کو اُجاگر کیا ۔ علماء نے شب برات کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسوہ حسنہ پر چلنے کی تلقین کی ۔انہوں نے کہا کہ قران کو مشعل راہ بنا کر ہی مسلمان فتح و نصرت سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔اس دوران حضرت سید یعقوب صاحبؒ سونہ وار کے آستان عالیہ میں بھی شب برات کی تقریب منعقد ہوئی جس دوران رات بھر سونہ وار اور ملحقہ علاقوں میں درود و ازکار اور ختمات المعظمات سے فضاء گونجتی رہی ۔ ادھر پرانے شہر کے کئی علاقوں میں روایتی طور پرشب برات کیلئے روایتی طورچراغاں کیا گیا تھا۔ جنوبی اور شمالی کشمیر کی مساجد اور خانقاہوں میں شب برات کی مقدس اور بابرکت تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس دوران فرزندان توحید نے شب خوانی کرکے اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی اور امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں جبکہ رات بھر فضاء توبہ و استغفار ، اللہ اکبر اور گڑگڑاتے ہوئی دعائوں سے گونجتی رہی ۔