محمد تسکین
بانہال// جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ پر رامبن کے کرول علاقے میں جمعرات کے روز شری امرناتھ یاترا کے زائرین کو لے جانے والی ایک سلیپر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور بس مکمل طور سے خاکستر ہوگئی تاہم بروقت کارروائی کے باعث بس میں سوار تمام 50 افراد، جن میں ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل ہیں، بحفاظت نکال لیے گئے۔پولیس حکام کے مطابق راجستھان سے تعلق رکھنے والے یاتریوں کو لے جانے والی یہ بس زیر نمبر RJ27PC-9921 بالتل کے راستے شری امرناتھ گھپا سے واپس جموں کیطرف جا رہی تھی کہ کرول کے مقام پر اچانک اس کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے فوراً بعد بس میں آگ لگ گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سی آر پی ایف، فوج، فائر سروسز ، ایس ڈی آر ایف، سول کیو آر ٹی رامبن کے رضاکار اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشترکہ طور پر ریسکیو اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی گئی اور تمام یاتریوں کو بروقت بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔موقع پر پہنچے ڈپٹی کمشنر رامبن، محمد الیاس خان نے بتایا کہ بس میں سوار تمام 50 افراد مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائر پھٹنے کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی اور پوری بس جل گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام یاتریوں کو ان کے آگے کے سفر کے لیے دوسری بس کے ذریعے جموں روانہ کیا جا رہا ہے۔آگ لگنے کی اصل وجہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ ریسکیو اور فائر فائٹنگ کارروائی کے دوران قومی شاہراہ پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے متاثر رہی، تاہم بعد ازاں آمدورفت معمول پر بحال کر دی گئی۔