دمشق //شام میں مسلسل خانہ جنگی کے باعث سردیوں کے موسم میں لوگوں نے گرمائش حاصل کرنے کے لیے میزائل کو ہی ہیٹر بنا لیا۔ شام کے صوبے ادلب کے شہر جسر ال شْغر میں اسعد العبید نامی شخص نے اپنے گھر میں میزائل کو ری سائیکل کرکے اسے ہیٹر میں بدل دیا ہے۔شامی شہری اسعد العبید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملک میں مسلسل جنگ کے باعث یہاں کے لوگ ہیٹرخریدنے کی سکت نہیں رکھتے اسی لیے بچے اور خواتین سمیت دیگر افراد علاقے میں گرے ہوئے میزائل اور راکٹ ڈھونڈتے رہتے ہیں کہ آیا کوئی ایسا ہو جو پھٹا نہ ہو۔اسعد نے بتایا کہ انہیں بھی یہ میزائل گھر کے پاس سے ملا جسے انہوں نے قریبی لوہار سے ہیٹر میں تبدیل کروا لیا۔رپورٹ کے مطابق مقامی لوہار 28 سے 32 سینٹی میٹر فاصلہ رکھ کر راکٹ اور میزائلوں کو احتیاط سے خالی کرکے انہیں ہیٹر کے طور پر استعمال کے قابل بناتے ہیں۔ میزائل کے بارود کو وہاں کے کان کن سرنگ کی تعمیر یا پتھر توڑنے کے لیے خرید لیتے ہیں۔تاہم یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ یہ خطرناک کام لوگ بغیر خوف کے کر رہے ہیں جو ان کی قیمتی جان بھی لے سکتا ہے۔ادھرافغانستان میں شدید برف باری کی وجہ سے گزشتہ 20 دنوں 42 افراد جاں بحق اور 76 زخمی ہو ئے ہیں۔ میڈیا نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔خامہ نیوز ایجنسی کے مطابق ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی وزارت نے بتایا کہ شدید برف باری سے 15صوبوں میں تباہی ہوئی ہے ۔ادھربنگلہ دیش میں ایک ریل اور ایک سڑک حادثے میں سات لوگوں کی موت ہوگئی ۔سرکاری ذرائع نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ چپے نواب گنج میں ٹرین کی ٹکر میں تین لوگوں کی موت ہوگئی۔اس دوران نٹور دھموئرہاٹ میں ایک ٹرک کی ٹکر میں چار موٹرسائکل سواروں کی موت ہوگئی۔