راجوری /وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات اورامور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے نے 35لاکھ روپے کی مالیت کا فرنیچر اور کمپیوٹر درہال کے پانچ سرکاری سکولوں کو فراہم کئے جو ہندوستان پیٹرولیم پرائیویٹ لمٹیڈ نے کارپوریٹ سوشل ریسپارنسبلٹی سکیم کے تحت فراہم کئے تھے۔وزیر نے اپنے حلقہ انتخاب کا مفصل دورہ بھی کیا اور مختلف عوامی شکایات ازالہ کیمپوں کے انعقاد کے دوران عوام کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔وزیر کے ہمراہ ضلع اور سیکٹورل افسران کی ایک ٹیم بھی تھی جس کی سربراہی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کر رہے تھے۔دورے کے دوران وزیر نے مختلف عوامی مسائل و شکایات کا موقعہ پر ہی ازالہ کیا۔ 35لاکھ روپے کی مالیت کا سامان گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول کنڈی ، گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول کوترانکا، گورنمنٹ ہائی سکول موہرہ ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بدھل ، گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ڈنگری کو فراہم کیا گیا ۔عطیہ میں دئیے گئے سامان میں 659 ڈیسک ، 23کمپیوٹر، 23سمارٹ بورڈ ،6 واٹر کولر ، 1واٹر فلٹر، 12فائلنگ کیبنٹ ، 45کرسیاں ، 15لائبریری ریک اور سمارٹ پوڈیم شامل تھا۔ایچ پی ایل سی کو ان دور دراز علاقوں کے سکولوں کو سازو سامان فراہم کرنے کے لئے سراہتے ہوئے وزیر نے کہاکہ سی ایس آر کے تحت درہال میں کسی تیل کمپنی نے پہلی بار اتنا بڑا امدادی پروگرام شروع کیا ہے۔ذوالفقار علی نے اس موقعہ پر کہا کہ مرکزی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی گیس دھرمیندر پردھان اور تیل کمپنیوںکے اعلیٰ حکام کے ساتھ یہ معاملہ اٹھانے کے بعد ہی درہال میں سرکاری سکولوں میں بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانے کے لئے یہ سامان فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر اور ایچ پی سی ایل کو اس فراخدلانہ امداد کے لئے شکریہ ادا کیا۔وزیر نے دیگر کارپوریٹ اداروں کو بھی اسی نوعیت کے اقدمات اٹھا نے کے لئے کہا ۔ انہوںنے مزید کہا کہ تمام سرکاری و نجی کارپوریٹ سیکٹر اداروں کو آگے آکر سماج کی خدمت میں حکومت کو تعاون دینا چاہیئے۔اس موقعہ پر وزیر نے درہال حلقہ انتخاب کے ہونہار طلاب کو اپنے سی ڈی ایف میں سے آئی پیڈس فراہم کرنے کا اعلان کیا جنہوںنے بورڈ امتحانات میں 75فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ہوں۔ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسدات اورامور صارفین ، ایس ایس پی ، سیکرٹری گجر اینڈ بکروال مشاورتی بورڈ ، ڈپٹی ڈائریکٹر امور قبائل ، ڈپٹی جنرل منیجر ریٹیل ایچ پی سی ایل اور راجوری کے ضلع افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔دریں اثنا وزیر نے راجوری اور کوترانکا علاقوںمیں عوامی شکایت کے ازالہ کے لئے کیمپوں کا انعقاد کر کے عوامی مسائل سے جانکاری حاصل کی۔مقامی لوگوں نے بجلی ، پانی ، سڑک رابطہ سہولیات ، صحت و تعلیم سے متعلق مسائل کو اُجاگر کیا۔ وزیرنے متعلقہ محکموں کو ترجیحی بنیاد پر عوامی مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی۔مقامی لوگوں نے سب سینٹر کاندرا میں عملے کی کمی ، دھندوت کے لئے بجلی ٹرانسفارمر کی تنصیب ، کھاری گلی میں نئے سب سینٹر کا قیام ،گوٹو میں واٹر سپلائی سکیم ،لار کوٹی میں سکولوں کی توسیع ،لارکوٹی سڑک پر تار کول بچھانے ، درمن منتھل پل کی تعمیر ،درمن میں دو بجلی ٹرانسفارمر وں کی تنصیب ، لار کوٹی سکولوں میں عملے کی تقرری، جوری ۔کیول میں ٹرانسفارمروں تنصیب، کھاوس ، بائی نمبل ، کنتھول کے لئے محکمہ بجلی کے کوترانکا فیڈر کے بجائے کھاوس فیڈر سے بجلی سپلائی کرنے کی مانگ کی ۔عوامی کی مانگو ں کے ردِّعمل میں وزیر نے متعلقہ محکموں کو ان مانگوں کو فوری طور پورا کرنے کی ہدایت دی۔دورے کے دوران وزیر نے درہال حلقہ انتخاب میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔