سوپور//سوپور کے مضافاتی علاقہ سیلومیں دہائیاں قبل تعمیر کئے گئے پل کی حالت خستہ ہو چکی ہے جس کے سبب مقامی باشندوں کو پل پار کرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔برسوں سے اس پل کی مرمت نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی نیاپل تعمیر کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لکڑی کے اس پل کی صورتحال بارشوں اور برفباری کے دوران مزید بگڑجاتی ہے جس کے بعد مقامی لوگ از خود اسکی مرمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پل کی بنیادیں کمزور ہو چکی ہیں اور اکثر حادثہ رونما ہونے کا خدشہ لاحق رہتا ہے۔لوگوں نے بتایا کہ یہ پل علاقے کی کثیر آبادی کو زینہ گیر علاقے سے جوڑتا ہے تاہم پل خستہ ہونے کے سبب انہیں اضافی سفرطے کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی نے کئی مرتبہ محکمہ تعمیرات عامہ سے جدید پل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا لیکن ہمیشہ نظرانداز کیا گیا۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی سوپور نے اس ضمن میں کہا کہ انہوں نے پل کی خستہ حالی کے پیش نظر اعلیٰ حکام کو ڈی پی آر بھیج کر فنڈس واگزارکرنے کی گزارش کی ہے اور فنڈس واگزار ہوتے ہی پل تعمیر کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔جے کے این ایس