ممبئی //وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے یہاں آر بی آئی گورنر ڈاکٹر ارجیت پٹیل کے ساتھ ملاقات کی اور جموں وکشمیر میں تجارت اور صنعتوں کے قرضوں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا جو 2014کے سیلاب اور 2016کی شورش سے متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے جموں وکشمیر بینک سے جڑے معالات بھی آر بی آئی گورنر کے ساتھ اٹھائے۔ڈاکٹر درابو نے اس موقعہ پر ریاست میں قرضوں سے جڑے منظر نامے کو زیر بحث لاتے ہوئے کہا کہ اس موقعہ پر قرضوں کو از سر نو ترتیب دینے سے زیادہ فائدہ حاصل نہیں ہوگا بلکہ نفع بخش سرگرمیاں وجود میں لانے کے لئے صنعتوں اور تجارت کے لئے ایک بڑے پیکیج کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹردرابو نے کہا کہ آر بی آئی گورنر کو مختلف معاملات اور ریاست میں صنعتوں اور تاجر برادری کو درپیش مشکلات کی پوری سمجھ ہے ۔ آر بی آئی گورنر نے یقین دلایا کہ جموں وکشمیر بینک سمیت تمام معاملات کا جائزہ لیں گے۔وزیرنے کہا کہ ایم پیز اور دیگر معاملات کا جائزہ لینے کے بعد آر بی آئی ریاستی حکومت کی مشاورت سے جموں وکشمیر بینک کے لئے ایک کارروائی منصوبہ مرتب کرے گا۔وزیر خزانہ نے ریاست میں مختلف بینکوں کے کریڈٹ ۔ڈیپازٹس شرح میں بہتری لانے کے لئے آر بی آئی گورنر کی مداخلت طلب کی۔ انہوں نے مثبت رویہ دکھا نے آر بی آئی گورنر کا شکریہ اداکیا۔