منڈی //منڈی صدر مقام سے پانچ کلو میٹر دوری پر واقع ساتھرہ کی عوام نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا جس کی وجہ سے منڈی پونچھ سڑک پر دو گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدو رفت بند رہی۔ساتھراہ کی عوام نے ہائی سکول ساتھرہ کو ہائر سکنڈری سکول کا درجہ نہ دینے پر احتجاج کرتے ہوئے حکومت مخالف نعرے بازی کی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلاک ساتھرہ کی سات پنچایتوں کی بیس سے پچیس ہزار عوام کے ساتھ حکومتِ وقت نے بہت بڑا دھوکہ کیا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سکول میں ہائی سکول کوہائر سیکنڈری سکول کی اپ گریڈیشن کا بورڈ لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکاگیا اور آج پھر ایک بار ساتھرہ ہائی سکول کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے میں حکومت دھوکہ دے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوں کو بیوقوف بنایاجارہاہے اور طفل تسلیاں دی جارہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سکول کا درجہ بڑھانے تک وہ احتجاج کریںگے ۔اس دوران انہوںنے دیگر مسائل بھی اجاگر کئے اور کہاکہ عوام گزشتہ کافی عرصہ سے پینے کے پانی کے لئے ترس رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ماہ صیام شروع ہونے سے قبل پانی کی سپلائی کو بہتر بنایاجائے ۔انہوںنے دریا پر کریٹ لگانے کی بھی مانگ کی اور ساتھرہ فتح پور کو جوڑنے والے خستہ حال پل کی تعمیر پر زور دیا۔بعد ازآں ایس ایچ او منڈی سوم راج اور نائب تحصیلدار لورن نے مظاہرین کو مطالبات حکام کے نوٹس میں لانے کا یقین دلاکر احتجا ج ختم کروایا ۔