مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں سڑک کے دونوں اطراف غیر قانونی پارکنگ سے دن بھر ٹریفک جام لگے رہتے ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں پر سفر کرنے والے مسافر اور پیدل چلنے والے لوگ پریشانی کا سامناکررہے ہیں۔روزانہ کا یہ معمول ہے کہ لوگ اپنی نجی گاڑیاں کھڑی کرکے کام کاج کو چلے جاتے ہیں اور نصف روڈ پر قبضہ کرلیاجاتاہے ۔غیر قانونی پارکنگ سے سڑک اتنی ہی باقی بچتی ہے کہ جس سے صرف یکطرفہ ٹریفک کا گزر ہوسکے اور اگر دونوں طرف سے بڑی گاڑیاں آجائیں تو ان کو کراس کرنے کاراستہ نہیں ملتااوراسی وجہ سے ٹریفک جام لگ جاتاہے۔اس صورتحال سے مریضوں،طلباء اور ملازمین و عام لوگوں کو روزانہ مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ بائی پاس سڑک تو دور کی بات حکام اگر غیر قانونی پارکنگ پر بھی قدغن لگادیں تو جام سے نجات مل سکتی ہے۔ان کاکہناہے کہ ٹریفک پولیس و انتظامیہ کی طرف سے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے جس وجہ سے روزانہ لوگ گاڑیاں کھڑی کردیتے ہیں۔ان کاکہناہے کہ مینڈھر قصبہ میں پارکنگ کا انتظام کیاجائے اور غیر قانونی پارکنگ پر قدغن لگائی جائے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ کئی مرتبہ مریض یا کوئی زخمی شخص ٹریفک جام میں پھنس جاتاہے جس کو وقت پر ہسپتال پہنچاکر اس کا علاج نہیں ہوپاتااور اسی طرح سے طلباکو بھی اپنا وقت اسی جام میں ضائع کرناپڑتاہے۔جمعہ کے روز گاڑیوں کی غلط پارکنگ زیادہ ہی رہتی ہے ا ور لوگوں کی بھیڑ کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام لگتے رہتے ہیں۔اس سلسلے میں ایس ایچ او مینڈھر نے کہا کہ وہ کل سے ہی اس سلسلے میں سخت اقدامات کریں گے اور گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ نہیں ہونے دی جائے گی۔