جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں صوبے میں ہاتھ میں لئے گئے اہم سڑک پروجیکٹوں کی عمل آوری میں تیزی لانے پر زور دیا ہے تا کہ لوگوں کو بہتر سڑک رابطے کی سہولیات بہم ہوسکیں۔نائب وزیر اعلیٰ جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران اہم سڑک پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لے رہے تھے۔ کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو ورما کے علاوہ کئی دیگر افسران اور انجنئیرز بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے چار گلیاروں والی جموں۔ اکھنور پروجیکٹ میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے سے لوگوں کو عبور ومرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گے اور ٹریفک گنجانیت میں بھی کم ی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ30.7 کلو میٹر پٹی کو کم سے کم مدت میں مکمل کیا جانا چاہئے اور کسی بھی رکاوٹ کو فوری طور دُور کیا جانا چاہئے۔اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں عملائے جارہے دیگر اہم سڑک پروجیکٹوں سے ریاست میں سیاحتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو دوام حاصل ہوگا۔نائب وزیر اعلیٰ نے دیالہ چک۔ چھلاں، اودہمپور، لکھن پور۔ بسوہلی سڑکوں کے کام میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ134 کلو میٹر لمبی سڑک سے لوگوں کو شاہراہ کا متبادل دستیاب ہوگا اور دوریاں بھی کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بدولت بین علاقائی اور بین ضلعی رابطوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے بی سی روڈ میں تعمیر ہورہے جموں بس سٹینڈ پروجیکٹ کا اچانک معائنہ کیا۔اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے اس اہم پروجیکٹ میں تیزی لانے کی ہدایت دی تا کہ اس کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی بدولت جموں صوبے کے لوگوں کو بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔