سوپور//اے آئی پی سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے ریاستی سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ فروٹ منڈی سوپور کے ذمہ داروں کے ساتھ وقتاً فوقتاً کئے گئے وعدوں کو پورا کرے تاکہ ریاست کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے میوہ صنعت سے وابستہ لاکھوں لوگوں کے مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔ سوپور منڈی میں منڈی کے عہدیداران اور فروٹ گرورس سے مفصل تبادلہ خیال کے دوران انجینئر رشید نے فروٹ گرورس کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی سے کوشش کریں گے۔ میٹنگ کے بعد جاری کرد ہ ایک بیان میں انجینئر رشید نے کہا ــ’’یہ بے حد دکھ کی بات ہے کہ سرکار کی عدم توجہی کے باعث فروٹ گرورس کو گو نا گو مشکلات درپیش ہیں اور سرکار ایشیاء کی دوسری سب سے بڑی فروٹ منڈی کی طرف لاپرواہی برت رہی ہے ۔ انجینئر رشید نے کہا سرکار کو چاہئے کہ فروٹ منڈی سوپور کے اندر ٹرانسپورٹ یارڈ کیلئے وقف کی گئی 92کنال زمین پر بغیر کسی تاخیر کے کام شروع کرے تاکہ منڈی کے اندر ٹرانسپورٹروں کو درکار معقول سہولیات میسر ہو سکے ۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ منڈی کے اندر کام کرنے والے ہزاروں افراد پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں اور ریاستی سرکار اس اہم ادارے کو پینے کا صاف پانی دینے میں بھی کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے ‘‘۔ انجینئر رشید نے ریاستی پولیس سربراہ سے اپیل کی کہ وہ وسعت دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فروٹ منڈی کے اندر پولیس چوکی کو ہٹا کر عوام دوستی کا ثبوت دیں ۔انجینئر رشید نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ فروٹ منڈی سوپور کے اندر ادویات کی جانچ پڑتال کیلئے بغیر کسی تاخیر کے ایک معیاری لیبارٹری کا قیام عمل میں لائے۔