سوپور حملے میں زخمی کونسلر دم توڑ دیا

سوپور// سوپور میں گذشتہ روز کے حملے میں زخمی کونسلر صدر اسپتال سرینگر میں دم توڑ بیٹھا۔جنگجوئوں کی جانب سے کئے گئے اس حملے میں مہلوکین کی تعداد 3ہوگئی ہے جن میں دو کونسلر اور ایک پولیس اہلکار شامل ہے۔پیر کو بعد دوپہر  قریب ایک بجکر 10منٹ پر میونسپل کونسل آفس سوپور میں جب کونسلر، آفس کے اندر موجود تھے، اور میٹنگ ابھی شروع ہی ہوئی تھی تو اسی دوران نامعلوم جنگجوئوں نے گیٹ کے قریب اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میٹنگ میں شرکت کی غرض سے آنے والے 2کونسلر اور آفس کے احاطے میں موجوددیگر کونسلروںکے ذاتی محافظین میں سے ایک گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے ۔اسپتال لیجاتے ہوئے کونسلر ریاض احمد پیر ولد غلام نبی پیر ساکن ننگلی سوپور اور ایس پی او شفقت نذیر ولد نذیر احمد ساکن منڈجی سوپور ہلاک جبکہ کونسلر شمس الدین پیر ولد غلام محمد پیر ساکن خوشحال کالونی زخمی ہوگیا ۔زخمی کونسلر شمس الدین کو اعلیٰ علاج کیلئے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں وہ منگل کی شب زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔اب اس واقعہ میں مہلوکین کی تعداد 3ہوگئی ہے۔ اسکی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی اس کے آ بائی علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ قانونی لوازمات کے بعد جب اس کی میت گھر پہنچائی گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی۔